سکھر سائٹ ایریا میں مبینہ انتظامی زیادتیاں، فیکٹری مالکان کا میڈیا کے سامنے احتجاج
سکھر سائٹ ایریا میں مبینہ انتظامی زیادتیاں، فیکٹری مالکان کا میڈیا کے سامنے احتجاج
نان یوٹیلائزیشن اور سب لیٹنگ فیس کے نام پر غیرقانونی بھتہ طلب کرنے کا الزام، اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ
سکھر (بیورورپورٹ)سکھر کے صنعتی علاقے سائٹ ایریا میں صنعتیں قائم کرنے والے مل مالکان نے مبینہ انتظامی زیادتیوں اور غیرقانونی بھتہ خوری کے خلاف میڈیا کے سامنے احتجاج کیا ہے۔ متاثرہ فریق کا الزام ہے کہ انچارج سائٹ انجینئر کی جانب سے نان یوٹیلائزیشن فیس اور سب لیٹنگ فیس کے نام پر غیرقانونی رقوم طلب کی جا رہی ہیں اور عدم ادائیگی کی صورت میں ہراساں کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سکھر انڈسٹریل سائٹ ایریا میں قائم فیکٹری مالکان کا کہنا ہے کہ برسوں سے جاری ناانصافیاں تاحال ختم نہیں ہو سکیں۔ الزام ہے کہ انچارج سائٹ انجینئر کی جانب سے مختلف مدات میں غیرقانونی واجبات عائد کر کے بھتہ طلب کیا جا رہا ہے۔پلاٹ نمبر ڈی-67 پر آٹا چکی چلانے والے جنرل منیجر فرحان علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے پلاٹ کو غیرقانونی طور پر “اوپن پلاٹ” قرار دے کر نان یوٹیلائزیشن فیس کی مد میں 6 لاکھ 41 ہزار روپے جبکہ سب لیٹنگ فیس کی مد میں 7 لاکھ روپے کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سائٹ اسٹیٹ لمیٹڈ سکھر کے اکاؤنٹنٹ آفیسر کے پاس 60 ہزار روپے سب لیٹنگ فیس اور 20 ہزار روپے دیگر سائٹ واجبات کی مد میں 30 جون 2026 تک کے لیے سرکاری اکاؤنٹ میں پے آرڈر کے ذریعے جمع کرا چکے ہیں، اس کے باوجود انچارج سائٹ انجینئر نے مبینہ طور پر ذاتی رنجش کی بنیاد پر اضافی اور غیرقانونی واجبات عائد کرتے ہوئے نوٹس بھیجے ہیں۔متاثرہ فریق کا مزید کہنا ہے کہ مبینہ طور پر جاری کیے گئے نوٹسز میں درج رقم کا نصف حصہ بطور بھتہ طلب کیا جا رہا ہے اور عدم ادائیگی کی صورت میں فیکٹری کو نقصان پہنچانے سمیت دیگر غیرقانونی اقدامات کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔انچارج انجینئر کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف ایم ڈی سائٹ اور دیگر متعلقہ حکام کو وکیل کے ذریعے قانونی نوٹس بھی ارسال کیے گئے ہیں۔ نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 3 جنوری 2025 کو سائٹ کراچی آفس کی جانب سے جاری اشتہار کے مطابق سائٹ سکھر میں 73 سے زائد اوپن پلاٹس کی نشاندہی کی گئی تھی جن پر نان یوٹیلائزیشن فیس کی مد میں سالانہ کروڑوں روپے واجب الادا ہیں۔ تاہم الزام ہے کہ انچارج سائٹ انجینئر نے مبینہ طور پر رشوت کے عوض ان واجبات کی وصولی نہیں کی اور بعض مالکان کے ساتھ ملی بھگت کر کے رقوم میں خردبرد کی، جس سے سائٹ لمیٹڈ کو مالی نقصان پہنچا۔متاثرہ مل مالکان نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو، منیجنگ ڈائریکٹر سائٹ، سیکریٹری سائٹ اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سکھر کے انچارج سائٹ اسٹیٹ انجینئر کے خلاف مبینہ زیادتیوں کا نوٹس لیا جائے، شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لا کر انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔