November 17, 2026

عمرکوٹ میں پولیس ڈیٹا کے جدید نظام پر اسپارک تنظیم کے زیرِ اہتمام ایک روزہ تربیتی سیشن۔۔۔

IMG-20260211-WA0263

عمرکوٹ میں پولیس ڈیٹا کے جدید نظام پر اسپارک تنظیم کے زیرِ اہتمام ایک روزہ تربیتی سیشن۔۔۔

عمرکوٹ (( رپورٹ بیوروچیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی))

تفصیلات کے مطابق
عمرکوٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس عمرکوٹ کے دفتر میں پولیس ڈیٹا کو جدید انداز میں محفوظ اور مؤثر طریقے سے استعمال کرنے کے حوالے سے ایک روزہ تربیتی سیشن منعقد کیا گیا، جس کا انعقاد اسپارک کی جانب سے کیا گیا۔ سیشن میں اسپارک کے ڈسٹرکٹ مینیجر سورج مل، سوشل موبلائزر خدیجہ بلوچ اور دیگر نمائندگان نے شرکت کی، جبکہ پولیس افسران اور عملے کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تربیتی نشست کے دوران شرکاء کو روایتی کاغذی فائلوں کے نظام سے جدید ڈیجیٹل نظام کی جانب منتقلی کی اہمیت اور افادیت سے آگاہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ ماضی میں پولیس کا ریکارڈ فائلوں اور رجسٹروں میں محفوظ کیا جاتا تھا، جس کے باعث معلومات تک رسائی میں تاخیر، انسانی غلطیوں میں اضافہ اور اہم ڈیٹا کے ضائع ہونے کے خدشات موجود رہتے تھے۔اس موقع پر آگاہ کیا گیا کہ جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ پولیس نے اپنا ریکارڈ محفوظ برقی ڈیٹابیس میں منتقل کر دیا ہے، جہاں فرسٹ انفارمیشن رپورٹس، کیسز کی تفصیلات، ملزمان کا مجرمانہ ریکارڈ، تفتیشی رپورٹس اور سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیوز محفوظ کی جا رہی ہیں۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے نہ صرف معلومات کو محفوظ بنانا ممکن ہوا ہے بلکہ اس تک فوری رسائی بھی حاصل ہو گئی ہے، جس سے تفتیشی عمل میں تیزی، کیسز کی بہتر نگرانی اور جرائم کے تجزیے میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ مزید برآں کاغذی کارروائی میں کمی اور مختلف شعبہ جات کے درمیان رابطے کو بھی مؤثر بنایا گیا ہے۔افسران نے اس بات پر زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے جوابدہی اور رپورٹنگ کا نظام مضبوط ہوا ہے اور اعداد و شمار کی بنیاد پر مؤثر فیصلے کرنے میں آسانی پیدا ہوئی ہے، جس سے عوامی اعتماد میں اضافہ ہوگا۔سیشن کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اسپارک تنظیم کے تعاون سے ضلع عمرکوٹ میں جدید، شفاف اور مؤثر پولیسنگ کے فروغ کے لیے ایسی تربیتی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رکھی جائیں گی۔