سکھر( )سکھر انڈسٹریل سائٹ ایریا میں صنعتکار ایک بار پھر انتظامی زیادتیوں کے خلاف سراپا احتجاج بن
سکھر( )سکھر انڈسٹریل سائٹ ایریا میں صنعتکار ایک بار پھر انتظامی زیادتیوں کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ غیرقانونی بھتہ ادا نہ کرنے پر انچارج سائٹ انجینئر کی جانب سے فیکٹری مالکان کو ہراساں کرنے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔رپورٹ کے مطابق پلاٹ نمبر ڈی-67 پر آٹا چکی چلانے والے جنرل منیجر فرحان علی نے میڈیا کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے الزام لگایا کہ انچارج سائٹ انجینئر نے ان کے فعال یونٹ کو غیرقانونی طور پر اوپن پلاٹ ظاہر کرتے ہوئے نان یوٹیلائزیشن فیس کی مد میں 6 لاکھ 41 ہزار اور سب لیٹنگ فیس کی مد میں 7 لاکھ روپے کے نوٹس جاری کیے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ پہلے ہی سائٹ اسٹیٹ لمیٹڈ سکھر کے اکاؤنٹس آفیسر کو سب لیٹنگ فیس کی مد میں 60 ہزار روپے اور دیگر واجبات کی مد میں 20 ہزار روپے 30 جون 2026 تک سرکاری اکاؤنٹ میں پے آرڈر کے ذریعے جمع کرا چکے ہیں۔ اس کے باوجود انچارج انجینئر عبد الکریم عرف گلشن ملاڻو ذاتی رنجش کی بنیاد پر مزید غیرقانونی واجبات عائد کر رہے ہیں۔متاثرہ صنعتکار کے مطابق انچارج انجینئر مبینہ طور پر نوٹس میں درج رقم کا آدھا حصہ بطور رشوت طلب کر رہا ہے اور عدم ادائیگی کی صورت میں فیکٹری کو نقصان پہنچانے اور دیگر کارروائیوں کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں.فرحان علی کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایم ڈی سائٹ اور متعلقہ حکام کو وکیل کے ذریعے قانونی نوٹس بھی بھجوا دیے ہیں، جن میں نشاندہی کی گئی ہے کہ 3 جنوری 2025 کو سائٹ کراچی کی جانب سے جاری اشتہار میں سکھر میں 73 سے زائد اوپن پلاٹس ظاہر کیے گئے تھے جن پر کروڑوں روپے کی نان یوٹیلائزیشن فیس واجب الادا ہے، مگر مبینہ طور پر ان پلاٹوں سے وصولی نہیں کی جا رہی۔انہوں نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت جام اکرام دھاریجو، منیجنگ ڈائریکٹر سائٹ اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا نوٹس لے کر انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور مبینہ طور پر ملوث افسر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔