ایپسٹین فائلز اسے پڑھیں۔
ایپسٹین فائلز اسے پڑھیں۔
ایپسٹین فائلز سے سامنے آنے والے تازہ انکشافات کے اثرات امریکا کی سرحدوں سے کہیں آگے تک محسوس کیے جا رہے ہیں۔ مثال کے طور پر، ناروے کی اردن اور عراق میں سفیر کو اس وقت عہدے سے ہٹا دیا گیا جب یہ بات سامنے آئی کہ جیفری ایپسٹین نے اس کے بچوں کے نام ایک کروڑ ڈالر (10 ملین ڈالر) کی وصیت کی تھی۔ ان انکشافات کے بعد برطانوی وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر کو بھی مجبوراً پیٹر مینڈلسن کی امریکا میں بطور سفیر تقرری پر معذرت کرنا پڑی، کیونکہ ان کے ایپسٹین سے ذاتی روابط تھے۔ اسی طرح سلوواکیہ کے قومی سلامتی کے مشیر میروسلاو لاجچاک کو استعفیٰ دینا پڑا، جب نابالغ بچوں کے جنسی استحصال کے مرتکب ایک مالی معاون سے ان کے شرمناک پیغامات منظرِ عام پر آئے۔
یہ پیش رفت اس حقیقت کو مزید نمایاں کرتی ہے کہ جیفری ایپسٹین کی گھناؤنی زندگی، اس کی موت کے کئی برس بعد بھی، عالمی طاقت کے ایوانوں پر ایک طویل سایہ ڈالے ہوئے ہے۔ یاد رہے کہ ایپسٹین نے ایک وسیع مجرمانہ نیٹ ورک قائم کیا تھا جو کم عمر اور کمزور لڑکیوں کا استحصال کرتا تھا، اور نجی طیاروں، جزائر اور نام نہاد اعلیٰ درجے کی فلاحی سرگرمیوں کے پردے میں یہ سب کچھ جاری رکھے ہوئے تھا۔ اس کی دنیا سیاست، کاروبار اور شاہی حلقوں کے طاقتور افراد سے جڑی ہوئی تھی۔
غیر خفیہ کی گئی تازہ دستاویزات نے نہ صرف اس کے جرائم سے مزید پردہ اٹھایا ہے بلکہ عالمی اشرافیہ میں پائی جانے والی گہری اخلاقی زوال پذیری کو بھی بے نقاب کیا ہے۔ ایپسٹین کے سماجی روابط میں امریکا کے سابق صدور ڈونلڈ ٹرمپ اور بل کلنٹن، ٹیکنالوجی کے ارب پتی ایلون مسک، سرگئی برن اور بل گیٹس، برطانیہ کے شہزادہ اینڈریو، ارب پتی رچرڈ برینسن اور بے شمار دیگر شخصیات شامل تھیں۔ اگرچہ دستاویزات میں جن تمام افراد کے نام آئے ہیں وہ لازماً ایپسٹین کے جرائم میں ملوث نہیں تھے اور بہت سے روابط سماجی یا اتفاقی نوعیت کے تھے، تاہم ان تعلقات کی وسعت اور ان افراد کا بلند مقام انتہائی تشویشناک ہے۔
یہ بات نہایت پریشان کن ہے کہ ایک ایسا شخص، جسے 2008 میں سزا دی گئی اور بعد ازاں جنسی اسمگلنگ کے الزامات کا سامنا رہا، برسوں تک دنیا کی بااثر ترین شخصیات سے تعلقات برقرار رکھ سکا اور اسے کسی خاص انجام کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ ایپسٹین بظاہر 2019 میں دورانِ سزا خودکشی کے ذریعے ہلاک ہوا، جبکہ اس کی قریبی ساتھی اور جرم میں شریک گھسلین میکسویل جنسی اسمگلنگ کے جرم میں سزا کاٹ رہی ہے۔ اس کے باوجود، ایپسٹین کی سرگرمیوں سے جڑی دیگر کوئی بڑی سزائیں سامنے نہیں آئیں۔
یوں محسوس ہوتا ہے کہ ایپسٹین کے سماجی نیٹ ورک کی بے پناہ دولت اور طاقت نے اسے سنگین نتائج سے محفوظ رکھا۔ یہ حقیقت اس بات کا ثبوت ہے کہ دولت اور طاقت رکھنے والے افراد کس قدر ناقابلِ گرفت بن سکتے ہیں، حتیٰ کہ جب ان پر سنگین اور بھیانک جرائم میں ملوث ہونے کا شبہ ہی کیوں نہ ہو