November 17, 2026

سکھر (بیورورپورٹ)ایک سال قبل میونسپل کارپوریشن اور 15 مددگار اداروں کے اشتراک سے شروع کیے گئے

IMG-20260210-WA0139

سکھر (بیورورپورٹ)ایک سال قبل میونسپل کارپوریشن اور 15 مددگار اداروں کے اشتراک سے شروع کیے گئے “انڈس ایگل اسکوارڈ” منصوبے کی موٹرسائیکلیں آج شہر میں کہیں نظر نہیں آ رہیں۔ منصوبے کے تحت 125 موٹرسائیکلیں پولیس اور میونسپل کارپوریشن کے ملازمین کو دی گئی تھیں تاکہ وہ شہر میں اسٹریٹ کرائم، تجاوزات اور دیگر شہری مسائل پر قابو پانے میں مدد کر سکیں۔میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شہریوں کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ یہ اسکوارڈ شہری علاقوں میں باقاعدہ گشت کرے گا اور شہریوں کی شکایات کے فوری حل کے لیے کام کرے گا، تاہم فوٹو سیشن اور باضابطہ افتتاح کے بعد یہ اسکوارڈ عوامی سطح پر کہیں دکھائی نہیں دیا۔شہری اور مقامی مبصرین نے سوال اٹھایا ہے کہ یہ 125 موٹرسائیکلیں کہاں گئیں اور آیا واقعی یہ منصوبہ شہر میں شہریوں کے تحفظ اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے فعال ہے یا نہیں۔ شہریوں نے کہا کہ اگر یہ موٹرسائیکلیں اور اہلکار کسی علاقے میں گشت کرتے ہوئے دکھائی دیں تو وہ فوٹو اور ویڈیو کے ذریعے اس کی رپورٹ میونسپل کارپوریشن کے ساتھ ضرور شیئر کریں گے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے منصوبے شہریوں کے اعتماد اور تحفظ کے لیے اہم ہوتے ہیں، لیکن ان کی بروقت اور شفاف عملداری نہ ہونے سے منصوبے کی کامیابی مشکوک ہو جاتی ہے۔میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ابھی تک اس حوالے سے کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی۔ شہریوں کی نظر میں یہ منصوبہ تصویری اور پروٹوکول کے علاوہ عملی طور پر ناکام ثابت ہوا ہے۔شہریوں سے اپیل: اگر آپ نے کہیں یہ خاکی وردی میں اہلکار موٹرسائیکل پر گشت کرتے ہوئے دیکھیں تو فوری طور پر فوٹو یا ویڈیو کے ذریعے رپورٹ کریں تاکہ منصوبے کی اصل کارکردگی کا اندازہ لگایا جا سکے۔