فزیکل تھراپی صرف درد کا علاج نہیں بلکہ صحت مند اور فعال زندگی کا مکمل حل ہے: ڈاکٹر وجے کمار
فزیکل تھراپی صرف درد کا علاج نہیں بلکہ صحت مند اور فعال زندگی کا مکمل حل ہے: ڈاکٹر وجے کمار
سکھر(بیورورپورٹ)بلڈ بینک اسپتال اور ھالار میمن اسپتال میں خدمات انجام دینے والے کنسلٹنٹ فزیکل تھراپسٹ ڈاکٹر وجے کمار نے کہا ہے کہ فزیکل تھراپی کو محض درد کے علاج تک محدود سمجھنا ایک بڑی غلط فہمی ہے، حالانکہ فزیکل تھراپی ایک وسیع اور مؤثر طبی شعبہ ہے جو انسان کو فعال، متحرک اور صحت مند زندگی گزارنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔فزیکل تھراپی آگاہی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر وجے کمار نے بتایا کہ فزیکل تھراپی کے ذریعے نہ صرف مختلف جسمانی دردوں کا علاج کیا جاتا ہے بلکہ مریض کے ایکٹیو لائف اسٹائل، جسمانی حرکت، پوسچر اور روزمرہ کارکردگی کو بھی بہتر بنایا جاتا ہے۔فزیکل تھراپی میں کئی جدید تکنیکس شامل ہیں جن میں مینول تھراپی، حجامہ تھراپی، ڈرائی نیڈلنگ اور کائروپریکٹک تکنیکس شامل ہیں، اور یہ تمام طریقۂ علاج فزیکل تھراپی کے دائرہ کار میں آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں بیشتر افراد کام کرنے کی خواہش تو رکھتے ہیں مگر کمر درد، گردن درد، ریڑھ کی ہڈی میں درد، لانگ سیٹنگ کے باعث مسائل، ٹانگوں میں سن ہونا اور اعصابی کمزوری جیسی شکایات کی وجہ سے وہ اپنی ذمہ داریاں مکمل طور پر ادا نہیں کر پاتے۔ یہ تمام مسائل فزیکل تھراپی کے ذریعے بغیر سرجری اور بغیر ادویات مؤثر انداز میں حل کیے جا سکتے ہیں۔ڈاکٹر وجے کمار نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ اگر کسی کو اس قسم کی شکایات درپیش ہوں تو وہ ہر دوسرے یا تیسرے دن فزیکل تھراپی کا روٹین چیک اپ ضرور کروائیں، تاکہ درد کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔ اس کے ذریعے بیٹھنے، اٹھنے اور چلنے کے انداز میں موجود خرابیوں کی نشاندہی کی جا سکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ بلڈ بینک اسپتال اور ھالار میمن اسپتال میں پوسچرل اسیسمنٹ کی سہولت مفت فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کل بچوں سے لے کر بزرگوں تک گردن اور کمر کے درد میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کی ایک بڑی وجہ موبائل فون کا حد سے زیادہ استعمال ہے۔ زیادہ موبائل استعمال کرنے سے جسمانی ساخت (Posture) بگڑ جاتی ہے اور لوگ جھک کر چلنے لگتے ہیں، جو نہ صرف صحت کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ معاشرتی طور پر بھی نا مناسب نظر آتا ہے۔ڈاکٹر وجے کمار نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو موبائل فون دینے کے بجائے فزیکل ایکٹیویٹیز جیسے سائیکلنگ، واکنگ، دوڑ اور کھیل کود کی طرف راغب کریں، تاکہ کم عمری سے ہی صحت مند عادات پروان چڑھ سکیں۔اسی طرح بینکوں، دفاتر میں لانگ سیٹنگ کرنے والے افراد اور موٹر سائیکل پر زیادہ کام کرنے والے فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز کو بھی فزیکل تھراپی کلینک وزٹ کرنے کا مشورہ دیا۔انہوں نے بڑھتی ہوئی جسمانی کمزوری پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کی ایک بڑی وجہ فاسٹ فوڈ کا بے جا استعمال ہے۔فاسٹ فوڈ ہماری روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکا ہے جس کی وجہ سے ہم دیسی اور گھریلو غذا کو ترک کر چکے ہیں۔ فاسٹ فوڈ وقتی طور پر ذائقہ فراہم کرتا ہے مگر جسم کو اندرونی طور پر کمزور کر دیتا ہے، جس کے نتیجے میں سستی، موٹاپا، سانس پھولنا اور دیگر جسمانی مسائل جنم لیتے ہیں۔ڈاکٹر وجے کمار نے شوگر، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کے حوالے سے کہا کہ ان بیماریوں کو عذاب سمجھنا درست نہیں، بلکہ یہ زیادہ تر غلط طرزِ زندگی اور غیر متوازن خوراک کا نتیجہ ہیں۔نمک، چینی اور چکنائی کا حد سے زیادہ استعمال ان بیماریوں کی بنیادی وجہ ہے۔ اگر خوراک میں اعتدال، باہر کے کھانوں سے پرہیز، روزانہ واک اور باقاعدہ ورزش کو معمول بنا لیا جائے تو ان بیماریوں سے بغیر ادویات بھی بچا جا سکتا ہے۔آخر میں ڈاکٹر وجے کمار نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی صحت کو سنجیدگی سے لیں، ورزش کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں، دیسی اور سادہ غذا کو ترجیح دیں اور فزیکل تھراپی کے ذریعے ایک صحت مند، متحرک اور درد سے پاک زندگی کی جانب قدم بڑھائیں۔