November 17, 2026

سکھر(بیورورپورٹ)میئر سکھر و ترجمان حکومتِ سندھ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ

IMG-20260210-WA0135

سکھر(بیورورپورٹ)میئر سکھر و ترجمان حکومتِ سندھ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ اور سسٹینیبل ڈیولپمنٹ گولز (SDGs) اب کسی ایک شہر یا ملک کا مسئلہ نہیں رہے بلکہ یہ پوری انسانیت کی مشترکہ ذمہ داری بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2015 میں دنیا کے تمام ممالک نے اقوامِ متحدہ کے پلیٹ فارم پر اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ عالمی درجۂ حرارت کو ڈیڑھ ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے کے لیے فوری اور اجتماعی اقدامات ناگزیر ہیں، تاہم گزشتہ برس دنیا نے ڈیڑھ ڈگری کے ہدف کو چھوتے ہوئے سال کا گرم ترین دن بھی ریکارڈ کیا، جو انسانیت کے لیے ایک سنجیدہ وارننگ ہے۔میئر سکھر نے کہا کہ سکھر جیسے شہر، جہاں موسمِ گرما خصوصاً ستمبر میں شدید گرمی پڑتی ہے اور درجۂ حرارت بعض اوقات پچاس ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب پہنچ جاتا ہے، وہاں شجرکاری اب محض ایک مہم نہیں بلکہ بقا کا سوال بن چکی ہے۔انہوں نے کہا:“ہم سب بطور انسان اس دنیا کے ذمہ دار ہیں، اور اگر ہمیں اپنا ماحول بدلنا ہے تو ہمیں آج ہی پودے لگانے ہوں گے۔”ان خیالات کا اظہار انہوں نے “مشن سرسبز سکھر” کے تحت پاکستان کی پہلی AI اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے منسلک شجرکاری مہم اور موبائل فون ایپلیکیشن کے باضابطہ اجرا کی تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جو جناح میونسپل اسٹیڈیم سکھر میں منعقد ہوئی۔ اس مہم کے تحت پہلے مرحلے میں پانچ لاکھ پودے لگانے کا آغاز کیا گیا ہے۔میئر سکھر و ترجمان حکومتِ سندھ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے مزید بتایا کہ “مشن سرسبز سکھر” کوئی وقتی سرگرمی نہیں بلکہ ایک جامع اور طویل المدتی کلائمیٹ ایکشن پروگرام ہے، جو تین سو دن (300 Days) تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ اس مہم کے دوران پانچ لاکھ پودے لگانے کے ساتھ ساتھ شہر کے مختلف علاقوں میں بیس (20) نئے پارکس قائم کیے جائیں گے جبکہ اہم شاہراہوں، سڑکوں اور رہائشی علاقوں میں گرین بیلٹس بھی تیار کی جائیں گی، تاکہ شہریوں کو صاف فضا، سایہ دار ماحول اور بہتر معیارِ زندگی میسر آ سکے۔انہوں نے کہا کہ اس تین سو روزہ مہم کا مقصد صرف پودے لگانا نہیں بلکہ ایک ایسا پائیدار ماحولیاتی نظام تشکیل دینا ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے سکھر کو سرسبز، صحت مند اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ بنا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس مشن میں عوامی شمولیت، جدید ٹیکنالوجی اور مسلسل مانیٹرنگ کو مرکزی حیثیت حاصل ہوگی۔بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ یہ ڈیجیٹل شجرکاری مہم سسٹینیبل ڈیولپمنٹ گولز کے اُن بنیادی مقاصد میں شامل ہے جن پر پوری دنیا متفق ہے۔ اس منصوبے کے تحت جو شہری پودا خریدنے کی استطاعت رکھتے ہیں وہ اپنی شراکت کے ذریعے پودا لگا سکتے ہیں، جبکہ جو شہری استطاعت نہیں رکھتے ان کے لیے پانچ لاکھ پودے فری آف کاسٹ فراہم کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ایک جانب کارِ خیر اور صدقۂ جاریہ ہے اور دوسری جانب موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے میں ایک مؤثر کردار ادا کرے گا۔میئر سکھر نے مزید بتایا کہ اس ڈیجیٹل نظام کے تحت ہر شہری اپنے لگائے گئے پودے کا نام اپنے والدین، دادا دادی، بہن، بیٹی، دوست یا کسی عزیز کے نام پر رکھ سکتا ہے، جو نہ صرف سایہ فراہم کرے گا بلکہ ایک مستقل نیکی اور ماحولیاتی تحفظ کا ذریعہ بھی بنے گا۔انہوں نے اعلان کیا کہ عوامی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے اس مہم میں خصوصی انعامات بھی رکھے گئے ہیں۔ جو شہری 100 پودے لگا کر تین ماہ تک ان کی باقاعدہ نگہداشت اور سسٹیننس کریں گے، انہیں دس لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا۔ خواتین کے لیے الیکٹرک بائیکس جبکہ طلبہ اور بچوں کے لیے لیپ ٹاپس بطور انعام رکھے گئے ہیں، تاکہ نوجوان نسل کو ماحول، تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی سے جوڑا جا سکے۔اس موقع پر کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے تقریب کی کو چیئرنگ کی۔ تقریب میں وفاقی، صوبائی اور مقامی حکومت کے افسران، ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز، یونین کمیٹیز، بلدیاتی ادارے، منتخب کونسلرز، محلہ کمیٹیز، تعلیمی ادارے، جامعات، کارپوریٹ سیکٹر، وکلا، اساتذہ، بلڈرز اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔تقریب میں مسلم، ہندو، سکھ اور مسیحی برادری کے نمائندگان، علمائے کرام، خواتین، نوجوان، معذور افراد اور ٹرانسجینڈر کمیونٹی سمیت زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے سکھر کو سرسبز و شاداب بنانے کے مشن میں عملی کردار ادا کریں گے۔مختلف سیاسی جماعتوں کو بھی اس تقریب میں مدعو کیا گیا تھا، جن میں پاکستان تحریکِ انصاف، ایم کیو ایم، جمعیت علمائے اسلام، جماعتِ اسلامی اور مسلم لیگ (ن) شامل تھیں، تاکہ یہ واضح پیغام دیا جا سکے کہ ماحولیاتی تحفظ اور کلائمیٹ ایکشن کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ ایک مشترکہ قومی اور انسانی مقصد ہے۔آخر میں میئر سکھر و ترجمان حکومتِ سندھ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ
“مشن سرسبز سکھر” نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان کے لیے ایک ماڈل کلائمیٹ ایکشن پروگرام بن سکتا ہے، اور میڈیا کے تعاون سے یہ پیغام ہر فرد تک پہنچایا جائے گا کہ اگر آج ہم نے اپنے ماحول کی حفاظت نہ کی تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔