سکھر(بیورورپورٹ)چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید کمیل
سکھر(بیورورپورٹ)چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید کمیل حیدر شاہ کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر سکھر کیمرامین اینڈ فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے وفد نے ان کی رہائش گاہ قصرِ ناصر، روہڑی میں ملاقات کر کے مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر وفد کی جانب سے چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل کو پھولوں کے ہار اور گلدستے پیش کیے گئے۔کیمرا مین اینڈ فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے وفد کی قیادت صدر عمران شیخ نے کی، جبکہ وفد میں نائب صدر حیات کھوکھر، جنرل سیکرٹری بلاول احمد بھٹی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری کفایت سمیجو، جوائنٹ سیکرٹری نعیم غوری، آفس سیکرٹری حمید گل سمیت دیگر عہدیداران شامل تھے۔ملاقات کے دوران وفد نے چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل کو کیمرامین اور فوٹو جرنلسٹس کو درپیش مسائل، پیشہ ورانہ مشکلات اور بنیادی صحافتی سہولیات کی کمی سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ کیمرامین اور فوٹوگرافرز نے ہمیشہ فرنٹ لائن پر رہ کر اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کی ہیں اور انہیں بخوبی علم ہے کہ یہ صحافی کس قدر مشکل حالات میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کیمرامین اور فوٹو جرنلسٹس کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور وہ ہر ممکن پلیٹ فارم پر ان کی آواز بنیں گے تاکہ درپیش چیلنجز کو جلد از جلد حل کیا جا سکے۔سید کمیل حیدر شاہ نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزادیٔ صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے اور صحافیوں کے حقوق کا تحفظ، فلاح و بہبود اور جدید صحافتی سہولیات کی فراہمی پارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کیمرامین اینڈ فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے مالی گرانٹ کے اعلان کا بھی کیا۔ملاقات کے دوران صحافی برادری کے مسائل اور صحافتی سہولیات کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل نے کہا کہ ضلع کونسل اور صوبائی حکومت کے تعاون سے کیمرامین اور فوٹو جرنلسٹس کو بہتر اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دے سکیں۔وفد نے چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر کی جانب سے تعاون اور حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ صحافی برادری کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔