November 17, 2026

سکھر پریس کلب کے سامنے گھوٹکی میونسپل کمیٹی کے 368 ملازمین کا احتجاج

IMG-20260210-WA0133

سکھر پریس کلب کے سامنے گھوٹکی میونسپل کمیٹی کے 368 ملازمین کا احتجاج
6 سال سے جبری طور پر تنخواہیں بند، مطالبات منظور نہ ہونے پر سی ایم ہاؤس کے سامنے دھرنے کی دھمکی

سکھر (بیورورپورٹ)سکھر گھوٹکی میونسپل کمیٹی کے 368 ملازمین کی گزشتہ چھ سال سے جبری طور پر تنخواہیں بند کیے جانے کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں متاثرہ ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور حکومتِ سندھ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔احتجاجی مظاہرے میں شامل بشیر احمد کلوڑ، ہدایت اللہ ابڑو، منیر احمد لکھن، عبدالمجید جسکانی، عبیداللہ اور سید وحید علی شاہ سمیت دیگر ملازمین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سال 2013 میں پورے سندھ میں تقریباً 15 ہزار ملازمین بھرتی کیے گئے تھے، جن میں ضلع گھوٹکی میں 1800 ملازمین شامل تھے۔ ضلع گھوٹکی کی پانچ تحصیلوں میں تعینات تمام ملازمین کو باقاعدگی سے تنخواہیں دی جا رہی تھیں اور وہ خود بھی کئی سال تک تنخواہیں وصول کرتے رہے۔انہوں نے بتایا کہ اچانک اور بلاجواز طور پر گزشتہ چھ سال قبل 368 ملازمین کی تنخواہیں بند کر دی گئیں، جس کے بعد وہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ متاثرہ ملازمین کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے اپنی تنخواہوں کی بحالی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں تاکہ وہ اپنے بچوں سمیت باعزت اور بہتر زندگی گزار سکیں، مگر تاحال کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ملازمین نے انکشاف کیا کہ اس طویل جدوجہد کے دوران سات ملازمین فاقہ کشی، ذہنی دباؤ اور علاج نہ ملنے کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں، تاہم اس کے باوجود سیاسی نمائندوں اور حکومتی ذمہ داران کی جانب سے کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔احتجاجی مظاہرین نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیرِاعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا کہ ان کی گزشتہ چھ سالوں سے بند تنخواہیں فوری طور پر بحال کی جائیں اور انصاف فراہم کیا جائے۔مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ اپنے بچوں کے ہمراہ وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومتِ سندھ پر عائد ہوگی۔