November 17, 2026

وفا تنظیم فلاح و بہبود (ریٹائرڈ ملازمین) سندھ کا آل سندھ پنشنرز کنونشن کا سکھر پریس کلب میں انعقاد، وفاقی حکومت سے مطالبات

IMG-20260210-WA0130

وفا تنظیم فلاح و بہبود (ریٹائرڈ ملازمین) سندھ کا آل سندھ پنشنرز کنونشن کا سکھر پریس کلب میں انعقاد، وفاقی حکومت سے مطالبات

سکھر(بیورورپورٹ)وفا تنظیم فلاح و بہبود برائے ریٹائرڈ ملازمین صوبہ سندھ کے زیرِ اہتمام لاڑکانہ اور سکھر ڈویژن کا آل سندھ پنشنرز کنونشن سکھر پریس کلب میں منعقد ہوا۔ کنونشن میں سندھ کے مختلف اضلاع کراچی، کشمور کندھ کوٹ، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، سکھر، گھوٹکی، خیرپور میرس اور رحیم یار خان سے وفا تنظیم کے عہدیداران، کارکنان، ریٹائرڈ ملازمین، بیواؤں اور یتیم بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔کنونشن کی صدارت وفا تنظیم سندھ کے صدر احمد سلیمان شاہین نے کی، جبکہ تقریب کے مہمانوں میں سیپکو ریٹائرڈ ملازمین تنظیم، جینکو گڈو، سپیکو اور دیگر ریٹائرڈ ملازمین تنظیموں کے رہنما شامل تھے۔ کنونشن میں نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان سے الحاق کا اعلان بھی کیا گیا۔کنونشن میں وفاقی حکومت کی جانب سے بند کیے گئے جینکوز کے ساڑھے پانچ ہزار ریٹائرڈ ملازمین، پنشنرز، بیواؤں اور یتیم بچوں کے مسائل اجاگر کیے گئے۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ جینکوز کے ریٹائرڈ ملازمین کو ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے بجائے ان کے پیرنٹ ادارے واپڈا میں ایڈجسٹ کیا جائے۔ اس کے علاوہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے مطابق گروپ لائف انشورنس کی رقم کی فوری ادائیگی، پنشن اور میڈیکل الاؤنس میں 100 فیصد اضافے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ مطالبات کے حق میں بینرز آویزاں کیے گئے جبکہ شرکاء نے پرجوش نعرے بازی بھی کی کنونشن کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، اس کے بعد اسٹیج سیکریٹری کے فرائض خالد ایاز سومرو نے انجام دیے۔ ضلع سکھر کے صدر محمد اسحاق سومرو نے خطبۂ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے مہمانوں اور شریک ریٹائرڈ ملازمین کا شکریہ ادا کیا۔کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مقررین نے کہا کہ وفاقی حکومت نے جینکوز کے منافع بخش پاور پلانٹس بند کر کے نہ صرف قومی خزانے کو کھربوں روپے کا نقصان پہنچایا بلکہ ہزاروں ریٹائرڈ ملازمین اور ان کے خاندانوں کو شدید مالی مشکلات سے دوچار کر دیا۔مقررین کا کہنا تھا کہ ریٹائرڈ ملازمین کو ایسی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں ایڈجسٹ کیا جا رہا ہے جنہیں آئی ایم ایف کے دباؤ پر نجکاری کی طرف لے جایا جا رہا ہے، جو ناقابل قبول ہے۔رہنماؤں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود گروپ لائف انشورنس کی ادائیگی نہیں کی جا رہی، جبکہ قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا بل تاحال سرد خانے کی نذر ہے۔ شدید مہنگائی کے باوجود پنشن اور میڈیکل الاؤنس میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہونا پنشنرز کے ساتھ ناانصافی ہے۔کنونشن میں مطالبہ کیا گیا کہ جینکوز کے تمام پنشنرز کو فوری طور پر واپڈا میں ایڈجسٹ کیا جائے، گروپ لائف انشورنس کی رقم کی ادائیگی کے لیے قانون سازی مکمل کی جائے، آئندہ بجٹ میں پنشن اور میڈیکل الاؤنس میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے اور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو نجکاری کے بجائے منافع بخش عوامی ادارے بنایا جائے۔ مزید یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے تحت ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو صوبائی حکومتوں کے حوالے کیا جائے۔کنونشن میں نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے مرکزی صدر شمس الرحمن سوائی کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا جس میں پنشنرز کے مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کیا گیا۔