استنبول: موساد کا خفیہ نیٹ ورک بے نقاب!
استنبول: موساد کا خفیہ نیٹ ورک بے نقاب!
ترک انٹیلی جنس نے استنبول میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے کام کرنے والے دو ایجنٹ گرفتار کر لیے۔ گرفتار افراد محمد بوداک دریا اور فیصل کریم اوغلو طویل عرصے سے نگرانی میں تھے اور حساس معلومات، ٹیکنالوجی اور سماجی روابط کے ذریعے موساد کے آپریشنل اہداف کو سہولت فراہم کر رہے تھے۔
تحقیقات کے مطابق دریا ایک مائننگ انجینئر اور کاروباری شخصیت تھا، جس نے سنگِ مرمر کی تجارت اور بیرونِ ملک بزنس کو جاسوسی کے کور کے طور پر استعمال کیا۔ 2013 میں یورپ میں ہونے والی ملاقاتوں کے دوران وہ موساد کے ایجنٹوں کے براہِ راست رابطے میں آیا۔ فیصل کریم اوغلو، جو فلسطینی نژاد ترک شہری ہے، فلسطینی نیٹ ورکس تک رسائی کا اہم ذریعہ تھا اور اس کی تنخواہ براہِ راست موساد ادا کرتا رہا۔
2016 میں اس نیٹ ورک نے ڈرون ٹیکنالوجی کی ترسیل کا منصوبہ بنایا، جس میں فلسطینی مزاحمت کے لیے ڈرون تیار کرنے والے تیونسی انجینئر محمد الزواری سے رابطے کی کوشش کی گئی۔ بعد ازاں الزواری کو تیونس میں ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے شہید کر دیا گیا۔ الزواری شہیدؒ کی ایمان افروز داستان ہم تفصیل سے پہلے پوسٹ کرچکے ہیں۔
دریا نے غزہ میں ممکنہ گوداموں کی تصاویر، خفیہ مواصلاتی آلات، سم کارڈز اور روٹرز کی تکنیکی معلومات بھی موساد کو فراہم کیں۔ اسے دو بار بیرونِ ملک لائی ڈیٹیکٹر ٹیسٹ سے گزارا گیا، جس کے بعد نیٹ ورک کو مزید وسعت دی گئی اور ایشیائی شیل کمپنیوں کے ذریعے سپلائی چین چھپانے کی کوشش کی گئی۔
یہ پہلا واقعہ نہیں۔ 2018 سے 2023 تک ترکی میں متعدد موساد نیٹ ورکس توڑے جا چکے ہیں، جن میں فلسطینیوں پر نگرانی، اغوا کی منصوبہ بندی، لاجسٹک سہولت کاری اور شیل کمپنیوں کے استعمال کے انکشافات شامل ہیں۔
فی الحال دونوں ملزمان زیرِ تفتیش ہیں اور سیکورٹی ذرائع کے مطابق مزید گرفتاریوں اور نئے انکشافات کا امکان موجود ہے۔
#Mossad #Turkey #Istanbul #Espionage #DroneWarfare #IntelligenceWar #غزہ #الزواری