November 17, 2026

ٹھٹھہ(ڈ ر): عبدالزیز شیخ عشر زکٰوۃ محکمہ سندھ حکومت کی جانب سے غریب

IMG-20260209-WA0269

ٹھٹھہ(ڈ ر): عبدالزیز شیخ
عشر زکٰوۃ محکمہ سندھ حکومت کی جانب سے غریب، مستحق اور معذور افراد کی فلاح و بہبود، بہتری اور مالی معاونت کے لیے وظیفے کی صورت میں گزارا الاؤنس جاری کر دیا گیا ہے، جس پر غریب و مستحق افراد میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اس سلسلے میں ضلع ٹھٹھہ کی عشر زکٰوۃ کمیٹی کے چیئرمین حاجی عبدالکریم شورو نے مستحق افراد کو آگاہ کیا ہے کہ گزارا الاؤنس کی رقم جاری کر دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ رقم سندھ بینک کی ٹھٹھہ اور میرپور ساکرو برانچز میں منتقل کر دی گئی ہے، جہاں مستحق افراد بائیومیٹرک تصدیق کے بعد اپنی رقم حاصل کر سکیں گے۔
انہوں نے مستحقین سے اپیل کی کہ وہ جلد از جلد متعلقہ سندھ بینک برانچ میں جا کر اپنی بائیومیٹرک تصدیق مکمل کروائیں۔ حاجی عبدالکریم شورو کا کہنا تھا کہ بائیومیٹرک تصدیق مکمل ہونے کے بعد مستحق افراد کسی بھی وقت آسانی سے اے ٹی ایم کے ذریعے اپنی رقم حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بینک جاتے وقت اپنا اصل قومی شناختی کارڈ (CNIC) ساتھ لے جانا ضروری ہے تاکہ شناخت کی تصدیق ممکن ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ عشر زکٰوۃ محکمہ سندھ کے صوبائی وزیر سید ریاض حسین شاہ کی خصوصی ہدایات پر سندھ حکومت کے تعاون سے مستحق افراد کی مدد کا یہ پروگرام جاری ہے۔
حاجی عبدالکریم شورو نے کہا کہ چارج سنبھالنے کے بعد مختصر عرصے میں بڑی تعداد میں مستحق افراد کی دل کھول کر مدد کی گئی ہے اور لوگ دل سے دعائیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ خدمت بلا امتیاز اور بغیر کسی لالچ کے کی جا رہی ہے تاکہ غریب، مستحق، معذور افراد اور بیوہ و بزرگ خواتین کی مدد ہو سکے اور وہ اپنی زندگی کے آخری ایام خوشحالی سے گزار سکیں۔