November 17, 2026

سکھر (بیورورپورٹ)ایس ایس پی سکھر اظہر خان کی ہدایت پر سکھر پولیس نے عوام سے جعلسازی اور فراڈ

IMG-20260209-WA0268

سکھر (بیورورپورٹ)ایس ایس پی سکھر اظہر خان کی ہدایت پر سکھر پولیس نے عوام سے جعلسازی اور فراڈ کرنے والے گروہ کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے دو کارندوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان مختلف بازاروں اور چوراہوں پر شہریوں کو روک کر جعلی بیماریوں کا بہانہ بنا کر فراڈ کرنے میں ملوث تھے۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ اے سیکشن نے افغان سینٹر کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایسے گروہ کے دو کارندوں کو گرفتار کیا جو عوام کو چہرے پر دانے، کیل، مسے اور دیگر بیماریوں کی وجوہات بتا کر جعلی ادویات فروخت کرتے تھے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت محمد حیات لکھن اور عامر لکھن کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ ملزمان شہر کے مختلف علاقوں میں جا کر راہگیروں کو روکتے، انہیں خوف میں مبتلا کر کے جعلی بیماریوں کا شکار ظاہر کرتے اور پھر مبینہ علاج کے نام پر جعلی ادویات تھما کر بھاری رقوم وصول کرتے تھے۔کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں جعلی ادویات بھی برآمد کی گئیں۔گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس ایس پی سکھر اظہر خان نے اس حوالے سے کہا ہے کہ عوام کے ساتھ دھوکہ دہی اور جعلسازی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ایس ایس پی سکھر کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش کے دوران گروہ میں شامل دیگر افراد کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں، جنہیں جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ کسی بھی نامعلوم شخص یا جعلی حکیم و ڈاکٹر کے جھانسے میں نہ آئیں اور مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔