November 17, 2026

سکھر(بیورورپورٹ)کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے سکھر کے باشعور شہریوں کی جانب سے

IMG-20260209-WA0263

سکھر(بیورورپورٹ)کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے سکھر کے باشعور شہریوں کی جانب سے سامنے آنے والی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے گورنمنٹ اسلامیہ سائنس کالج سکھر اور گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول بندر روڈ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی سارہ فراز اور مختیارکار سٹی بار بلو بھی ان کے ہمراہ تھے۔گورنمنٹ اسلامیہ سائنس کالج پہنچنے پر کالج کے پرنسپلز، سینئر لیکچررز اور اساتذہ نے کمشنر سکھر کا استقبال کیا اور انہیں کالج کی عمارت کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا، جہاں بعض مقامات پر چھت کے پلاسٹر گرنے اور کالج کی قیمتی اراضی پر طویل عرصے سے قائم تجاوزات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر میڈیا نمائندگان اور کالج انتظامیہ سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے اظہارِ افسوس کیا کہ شہر کے سب سے بڑے اور تقریباً 22 ایکڑ رقبے پر قائم تعلیمی ادارے کی صورتحال اس نہج تک پہنچ چکی ہے کہ زیر تعلیم ہزاروں طلباء کے لیے غیر نصابی سرگرمیوں کے لیے پلے گراؤنڈ تک دستیاب نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اراضی پر تجاوزات ایک یا دو دن میں قائم نہیں ہوتیں بلکہ اس کے پیچھے برسوں پر محیط منظم اور بااثر عناصر کی سرپرستی شامل ہوتی ہے۔کمشنر سکھر نے واضح کیا کہ غیر قانونی سرگرمیوں کی سرکوبی ضلع انتظامیہ اور کالج انتظامیہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے، تاہم اس مقصد کے لیے باشعور شہریوں اور میڈیا کا تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ شہر بھر کی طرح گورنمنٹ اسلامیہ سائنس کالج کی اراضی واگزار کرانے کے لیے بھی اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی کی قیادت میں جلد تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا جائے گا۔
کالج کے صبح و شام کے پرنسپلز محمد اسحاق میمن اور شفیق احمد رند نے کمشنر سکھر کو آگاہ کیا کہ کالج اراضی پر تجاوزات کے خلاف آواز بلند کرنے پر اساتذہ کو بااثر قابض افراد کی جانب سے بلاجواز مقدمات کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جعلی مالکانہ کاغذات تیار کر کے نجی بینک، اسکول، دفاتر، دکانیں، پٹرول پمپ اور سینکڑوں مکانات تعمیر کر لیے گئے ہیں، جس کے باعث کالج کے طلباء اور اساتذہ مرکزی شاہراہ کی جانب سے کالج کا داخلی راستہ استعمال کرنے سے محروم ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ماضی میں مختلف ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز بھی کالج کا دورہ کر چکے ہیں۔کالج کی عمارت کے مرمتی کام کے حوالے سے کمشنر سکھر ڈویژن نے موقع پر ہی سیکریٹری کالجز ندیم الرحمٰن میمن سے رابطہ کیا، جس پر سیکریٹری کالجز نے ہدایت دی کہ چیف انجنیئر ورکس فوری طور پر کالج انتظامیہ سے رابطہ کر کے مرمتی کام کی ضروریات کا جائزہ لیں گے تاکہ کام کا باقاعدہ آغاز کیا جا سکے۔کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی نے مزید کہا کہ اسلامیہ سائنس کالج کے طلباء کی جدید تعلیمی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کالج میں ڈیجیٹل لائبریری کے قیام کے لیے بھی کوششیں کی جائیں گی۔بعد ازاں کمشنر سکھر ڈویژن نے اسسٹنٹ کمشنر سٹی کے ہمراہ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول اسلامیہ گھاٹ بندر روڈ کا بھی دورہ کیا، جہاں اسکول پرنسپل اور اساتذہ نے ادارے کو درپیش مسائل اور ضروریات سے آگاہ کیا۔ کمشنر سکھر نے یقین دہانی کرائی کہ ضلع اور ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے سرکاری تعلیمی اداروں کی بہتری اور سرپرستی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔