November 17, 2026

بااثر افراد کی جانب سے مبینہ اغوا و زیادتی کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاج

IMG-20260209-WA0261

بااثر افراد کی جانب سے مبینہ اغوا و زیادتی کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاج

سکھر(بیورورپورٹ)تعلقہ پنو عاقل کے گاؤں ڈگڑ، سمندر خان لغاری کے رہائشی لغاری برادری سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے اپنی ہی برادری کے بااثر افراد کی جانب سے بیٹی کے مبینہ اغوا اور زیادتی کے واقعے کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔احتجاج میں شامل متاثرہ لڑکی کرن لغاری زوجہ علی شیر لغاری، والدہ و ساس مائی شرما، مسمات پروین اور دیگر اہلِ خانہ نے میڈیا کو بتایا کہ یکم فروری کو علی اکبر لغاری، میر خان لغاری اور ان کے ساتھ چار نامعلوم افراد نے گھر پر دھاوا بول دیا اور اسلحے کے زور پر سارے گھر والوں کو یرغمال بنا کر کرن لغاری کو اسلحے کے زور پر گھر سے اغوا کر لیا۔ مظاہرین کے مطابق اغوا کے بعد خاتون کو سات روز تک مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔متاثرہ خاندان کا کہنا تھا کہ واقعے کی اطلاع متعلقہ تھانے سلطان کوٹ میں دی گئی، جہاں ایف آئی آر درج کروائی گئی۔مظاہرین کے مطابق ایف آئی آر کے اندراج کے بعد ملزمان متاثرہ لڑکی کرن کو اس کی والدہ مائی شرما شفیع محمد کے گھر چھوڑ کر فرار ہو گئے۔احتجاجی مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ سلطان کوٹ تھانے کے ایس ایچ او کی جانب سے انہیں مقدمہ واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے، جبکہ مرکزی ملزم علی اکبر لغاری کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں، جس کے باعث متاثرہ خاندان شدید عدم تحفظ کا شکار ہے۔مظاہرین نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیراعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سے پرزور مطالبہ کیا کہ ایف آئی آر میں نامزد تمام ملزمان کو فوری گرفتار کر کے ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، اور متاثرہ خاندان کو مکمل تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے۔احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر انہیں انصاف نہ ملا تو وہ اپنا احتجاج مزید وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے۔