November 17, 2026

پیلو وینس (راجہ نورالہی عاطف سے) ایکس کنٹری ڈائریکٹر یونائٹڈ نیشنز آرگنائزیشن (یو۔ این او) ڈاکٹر ملک عبدالواحد جسرا کے ڈیرہ پیلو وینس

IMG-20260209-WA0233

پیلو وینس (راجہ نورالہی عاطف سے)
ایکس کنٹری ڈائریکٹر یونائٹڈ نیشنز آرگنائزیشن (یو۔ این او) ڈاکٹر ملک عبدالواحد جسرا کے ڈیرہ پیلو وینس پر سالانہ محفلِ نعت رسولِ مقبول ﷺ نہایت عقیدت، احترام اور روحانی جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئی۔ محفل میں علمائے کرام، مشائخِ عظام، نعت خواں حضرات، سماجی و مذہبی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ فضا درود و سلام کی صداؤں سے معطر رہی۔
محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد بارگاہِ رسالت ﷺ میں ہدیۂ نعت پیش کیا گیا۔ ممتاز نعت خواں حضرات نے اپنے دل نشیں کلام سے حاضرین کے قلوب کو منور کیا اور عشقِ مصطفیٰ ﷺ کی کیفیت طاری کر دی۔
اس موقع پر آستانہ عالیہ دربار شاہپور شریف اسلام آباد کے سجادہ نشین سید امتیاز حسین شاہ گردیزی نے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے سیرتِ طیبہ ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات انسانیت کے لیے کامل ضابطۂ حیات ہیں، جن پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں محبت، برداشت اور امن کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل کو سیرتِ رسول ﷺ اپنانے اور اخلاقِ حسنہ کو اپنی زندگی کا حصہ بنانے کی تلقین کی۔ محفل نعت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں اسلام اباد کی نامور سماجی شخصیات جہانگیر عباس، جاوید عباسی، ملک عبدالماجد جسرا ایکس ہیڈ انجئینرنگ پاکستان ٹیلی ویژن اسلام آباد، لاہورسے شیخ رحمت علی، سابق وائس چیئرمین ملک حاجی صفدر حیات اعوان ، ملک مولا بخش اعوان ،ملک محمد وسیم اکرم جسرا انسپکٹر ایف بی آر سرگودھا اور ملک صابر حسین جسرا نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی ۔
ڈاکٹر ملک عبدالواحد جسرا نے اظہارخیال کرتے ہوئے معزز مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ محفلِ نعت ﷺ کا انعقاد دراصل ایمان کی تجدید اور معاشرتی اصلاح کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے روحانی اجتماعات سے باہمی اخوت، محبت اور اتحاد کو تقویت ملتی ہے، جو ایک مضبوط اور پرامن معاشرے کی بنیاد ہیں۔
محفل کے اختتام پر ملکی سلامتی، عالمِ اسلام کی سربلندی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور فلسطین و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے محفل کے شاندار اور بامقصد انعقاد کو سراہتے ہوئے اسے روحانی تازگی اور قلبی سکون کا ذریعہ قرار دیا۔