November 17, 2026

عمرکوٹ رحیمدانی کرکٹ اکیڈمی کے زیرِ اہتمام حسنِ کارکردگی ایوارڈ کی تقریب، فنڈز میں اضافے کا مطالبہ

IMG-20260209-WA0234

عمرکوٹ رحیمدانی کرکٹ اکیڈمی کے زیرِ اہتمام حسنِ کارکردگی ایوارڈ کی تقریب، فنڈز میں اضافے کا مطالبہ

((عمرکوٹ رپورٹ بیوروچیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی))

تفصیلات کے مطابق عمرکوٹ سیاسی و سماجی شخصیت، پاکستان پیپلز پارٹی کے بہادر رہنما اور سابق صوبائی وزیر مرحوم الحاج سید علی مردان شاہ کے نام سے منسوب حسنِ کارکردگی ایوارڈ چیف آفیسر ضلع کونسل عمرکوٹ محمد شریف ناریجو کو دیا گیا۔ ایوارڈ رحیمدانی کرکٹ اکیڈمی کے صدر اور نامور اسپورٹس مین و سماجی رہنما رسول بخش رحیمدانی نے ضلع کونسل ہال عمرکوٹ میں دیا، اس موقع پر رسول بخش رحیمدانی نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت محبت، بھائی چارے اور امن کی سخت ضرورت ہے، اور یہ مقصد نوجوانوں کو صحت مند اسپورٹس سرگرمیوں کی طرف راغب کرکے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوان نسل کو منشیات اور سماجی برائیوں سے دور رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ رحیمدانی کرکٹ اکیڈمی کی جانب سے سال 2026ء میں مختلف سرکاری افسران، سیاسی و سماجی شخصیات کو اعزازی ایوارڈز دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن میں پاکستان زندہ باد بیسک آرگنائزیشن پاکستان کے بانی میر نادر علی ابڑو، سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ حکومتِ سندھ منور علی مہیسر، پاکستان پیپلز پارٹی لیڈیز ونگ حیدرآباد کی صدر صنم عباس تالپور، انٹرنیشنل روٹری کلب امرانو کے صدر محمد زمان کھوسو اور دیگر شخصیات شامل ہیں۔ رسول بخش رحیمدانی نے حکومتِ سندھ اور منتخب نمائندوں سے مطالبہ کیا کہ رحیمدانی کرکٹ اکیڈمی عمرکوٹ کو مستقل بنیادوں پر فنڈز فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر اسپورٹس سردار محمد بخش مہر، صوبائی وزیر تعلیم و معدنیات سید سردار علی شاہ، ایم پی اے امیر علی شاہ، چیئرمین ضلع کونسل عمرکوٹ حاجی محمد بقاء پلی اور میونسپل کمیٹی عمرکوٹ کھیلوں کے فروغ کے لیے مالی تعاون کریں گے۔ انہوں نے خاص طور پر صوبائی وزیر تعلیم و معدنیات سید سردار علی شاہ سے مؤدبانہ اپیل کی کہ وہ وزیراعلیٰ سندھ اور اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے رحیمدانی کرکٹ اکیڈمی کے لیے سالانہ ایک کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کرانے میں کردار ادا کریں تاکہ مستقبل میں مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے بتایا کہ وہ خود قائداعظم ٹرافی گریڈ ٹو میرپورخاص ڈویژن کے سابق کوچ رہ چکے ہیں اور عمرکوٹ ضلع کھیلوں کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بابائے پاکستان قائداعظم محمد علی جناح انکلوژر اور مرحوم الحاج سید علی مردان شاہ انکلوژر کو ازسرِنو تعمیر کیا جائے کیونکہ موجودہ حالت خستہ ہو چکی ہے۔ مزید یہ کہ ماروی گراؤنڈ کے مین گیٹ پر سید علی مراد شاھ المعروف سید دادا شاھ انکلوژر کے ساتھ رجسٹرڈ رحیمدانی کرکٹ اکیڈمی کا مستقل دفتر بھی قائم کیا جائے، کیونکہ یہ عمرکوٹ ضلع کی واحد رجسٹرڈ کرکٹ اکیڈمی ہے جو سالانہ ٹورنامنٹس، اسپورٹس سیمینارز اور قومی ایونٹس کے انعقاد میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں ایک ٹورنامنٹ پر 5 سے 10 لاکھ روپے تک اخراجات آتے ہیں، جو محدود فنڈز کے باعث برداشت کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلع کونسل کی گرانٹ 1 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے، میونسپل کمیٹی عمرکوٹ کی گرانٹ 1 لاکھ سے بڑھا کر 5 لاکھ روپے، اور اسپورٹس یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے 2 لاکھ روپے گرانٹ جو صرف دو سال ملی اور کئی سال وہ گرانٹ نہیں ملی ہے اس گرانٹ کو عمرکوٹ کے لیے ایک کروڑ روپے سالانہ کیا جائے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ اگر عمرکوٹ میں کھیلوں کے میدان آباد ہوں گے تو نوجوان نسل صحت مند سرگرمیوں، اسپورٹس اور تعلیم کی طرف آئے گی اور معاشرہ برائیوں سے پاک ہوگا۔