نوابشاہ(بیورورپورٹ)ڈی ایس ریلویز سکھر کے احکامات نظر انداز،انسپیکٹر آف ورکس نوابشاہ کی جانب سے نیلامی کے پلان اور نقشے کی عدم
نوابشاہ(بیورورپورٹ)ڈی ایس ریلویز سکھر کے احکامات نظر انداز،انسپیکٹر آف ورکس نوابشاہ کی جانب سے نیلامی کے پلان اور نقشے کی عدم فراہمی،شہریوں کی جانب سے انسپیکٹر آف ورکس ریلویز نوابشاہ کے خلاف کاروائی کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز سکھر کی جانب سے ڈویژن بھر میں ریلوے اراضی مختلف مقاصد کے لئے لیز پر دینے کے لئے نیلامی کے شیڈول کا اعلان کیا گیا تھا اور نوابشاہ ضلع میں ریلوے اراضی کی نیلامی کے لئے10فروری کا شیڈول مرتب کیا گیا ہے،مگر پاکستان ریلویز نوابشاہ کی جانب سے پاکستان ریلویز اور عوام دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں عوام کو بے خبر رکھا گیا،اور ضلع بھر کے ریلوے اسٹیشنوں اور شہروں کے اہم مقامات پر آگاہی نوٹس،پلان اور نقشے کی کاپی آویزاں نہیں کی گئی،ڈویڑنل سپرٹنڈنٹ پاکستان ریلویز سکھر جمشید عالم نے چار روز قبل دوڑ ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا تھا،جہاں پر ویلفیئر کمیٹی دوڑ کے رہنمامحمد یونس خانزادہ اور رضوان بھٹی نے ان کی توجہ ریلوے اراضی کی نیلامی کے حوالے سے شہریوں کے خدشات کی جانب مبذول کرائی،جس پر ڈی ایس ریلویز سکھر جمشید عالم نے انسپیکٹر آف ورکس ریلویز نوابشاہ آغا شبیر پٹھان کو احکامات دیئے کہ ریلوے اراضی کی نیلامی کے حوالے سے پلان اور نقشے کی کاپی ویلفیئر کمیٹی کے رہنماؤں کو دی جائے،اور ضلع بھر کے ریلوے اسٹیشنوں اور اہم مقامات پر بھی آویزاں کی جائے،تاکہ عوام اس سے آگاہ ہوسکے،بتایا جاتا ہے کہ ڈی ایس ریلویز سکھر کے احکامات IWریلویز نوابشاہ نے نظر انداز کردیئے ہیں،اور نیلامی کے پلان اور نقشے کی کاپی نہ ویلفیئر کمیٹی کے رہنماؤں کو فراہم کی گئی ہے مور نہ ہی ضلع بھر کے ریلوے اسٹیشنوں اور اہم مقامات پر آویزاں کی گئی ہے،جسکی وجہ سے ضلع بھر کے لاکھوں افراد اس نیلامی سے بے خبر ہیں،ذرائع کے مطابق پاکستان ریلویز نوابشاہ کے افسران اور عملے کی ملی بھگت سے ریلوے کی سینکڑوں ایکڑ اراضی پر قبضے ہوچکے ہیں،اور پختہ دکانیں اور گھر تعمیر ہوچکے ہیں،اور ریلوے اراضی کی نیلامی سے ان بدعنوان افسران اور عملے کے مفادات متاثر ہورہے ہیں،اس لئے اس نیلامی کو ناکام بنانے کے لئے عوام کو لاعلم رکھا جارہا ہے،شہریوں نے وفاقی وزیر ریلوے،چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلویز لاہوراور ڈی ایس ریلویز سکھر سے مطالبہ کیا ہے کہ انسپیکٹر آف ورکس ریلویز نوابشاہ کے خلاف کاروائی کی جائے اور ریلوے اراضی کی نیلامی کے حوالے سے عوام کو باخبر رکھنے کے لئے آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے،اور نیلامی کی نئی تاریخ مقرر کی جائے،تاکہ عوام کی اکثریت اس نیلامی میں حصہ لے سکے