November 17, 2026

*اسلام آباد: امام بارگاہ میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکا، 31 افراد جاں بحق اور 150 سے زائد زخمی*

IMG-20260206-WA0239

*اسلام آباد: امام بارگاہ میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکا، 31 افراد جاں بحق اور 150 سے زائد زخمی*

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امام بارگاہ کے اندر خود کش دھماکے کے نتیجے میں 31 افراد جاں بحق اور 150 سے زائد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا اسلام آباد کے مضافاتی علاقے ترلائی کی امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ میں جمعہ کی نماز کے دوران ہوا، دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اہلکاروں سمیت بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ فتنہ الخوارج کے خودکش حملہ آور نے مسجد میں داخلے سے روکنے پر خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے نتیجے میں بھاری جانی نقصان ہوا۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے دھماکے میں اب تک 31 افراد کے جاں بحق ہونے اور 160 سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے جب کہ دھماکے کے بعد وفاقی دار الحکومت کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

اسپتال حکام کے مطابق دھماکے میں زخمیوں کی مجموعی تعداد 100 سے زیادہ ہے جہاں پمز اسپتال میں 60، پولی کلینک میں 13 ، فیڈرل جنرل اسپتال میں 27 اور بے نظیر اسپتال میں بھی 2 زخمی لائے گئے ہیں۔

پمز اسپتال میں زخمیوں کو رکھنے کی گنجائش ختم ہونے کے باعث زخمیوں کو اسلام آباد اور راولپنڈی کے دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

دھماکا دوسری رکعت میں سجدے کے وقت ہوا: عینی شاہدین

ذرائع نے بتایا کہ امام بارگاہ میں دھماکا جمعے کی نماز میں دوسری رکعت کے دوران اس وقت ہوا جب نمازی سجدے میں تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے پہلے فائرنگ کی جس کے بعد سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، خود کش حملہ آور نے اسی دوران خود کو مرکزی دروازے پر اڑا لیا۔