October 29, 2026

ٹھٹہ: پروٹ عبدالعزیز شیخ 5 فروری یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر ٹھٹہ میں

Screenshot_2026-02-04_184427

ٹھٹہ:
پروٹ عبدالعزیز شیخ
5 فروری یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر ٹھٹہ میں جماعتِ اسلامی، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)، مجلسِ وحدت المسلمین اور مجلسِ بیداریٔ امتِ مصطفی ﷺ کے مشترکہ اہتمام سے یومِ یکجہتیٔ کشمیر ریلی نکالی گئی۔ریلی سے جماعتِ اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری محمد یوسف، جماعتِ اسلامی ضلع ٹھٹہ کے امیر عبدالمجید سموں، ضلعی جنرل سیکرٹری عبداللہ آدم گندرو، جمعیت علمائے اسلام ضلع ٹھٹہ کے جنرل سیکرٹری مولانا سلیم عاطف چانڈیو، مجلسِ وحدت المسلمین کے رہنما شبیر شاہ اور مجلسِ بیداریٔ امتِ مصطفی ﷺ کے سید باقر شاہ نے خطاب کیا۔مقررین نے اپنے خطاب میں کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی بالکل برحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں جو عالمی ضمیر کے لیے لمحۂ فکریہ ہیں۔ ریلی کے شرکاء نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و جبر کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خود ارادیت دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ مظاہرین نے کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا عوام ہر حال میں کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے۔