November 17, 2026

چیئرمین سینیٹ اف پاکستان سید یوسف رضا گیلانی کی کمبوڈیا کے وزیرِاعظم سے ملاقات۔

IMG-20260204-WA0276

چیئرمین سینیٹ اف پاکستان سید یوسف رضا گیلانی کی کمبوڈیا کے وزیرِاعظم سے ملاقات۔

ملاقات میں پارلیمانی تعلقات اور وفود کے تبادل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد(نمائندہ جاوید اقبال)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے کمبوڈیا کے سرکاری دورے کے دوران مملکتِ کمبوڈیا کے وزیرِاعظم عزت مآب سامدیچ موہا بورور تھیپاڈی ہن مانیٹ سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی سفارت کاری، سیاسی روابط اور عوامی سطح پر تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے سینیٹِ پاکستان کی جانب سے وزیرِاعظم کمبوڈیا کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کمبوڈیا کی پارلیمنٹ اور عوام کے لیے گہرے احترام کا اظہار کیا۔ انہوں نے کمبوڈیائی قیادت کی جانب سے دی گئی پرتپاک مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین 28 مئی 1952 سے قائم دوستانہ اور تاریخی سفارتی تعلقات کو اجاگر کیا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور کمبوڈیا کے تعلقات باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور کثیرالجہتی عالمی فورمز میں قریبی تعاون پر مبنی ہیں۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے 2025–26 کے لیے انتخاب میں کمبوڈیا کی حمایت کو سراہا اور آسیان کے ساتھ پاکستان کے روابط، بالخصوص سیکٹرل ڈائیلاگ پارٹنر اسٹیٹس اور آسیان ریجنل فورم کی رکنیت میں کمبوڈیا کے کردار کو بھی قابلِ قدر قرار دیا۔چیئرمین سینیٹ نے کمبوڈیا کے ساتھ اپنے دیرینہ روابط کا ذکر کرتے ہوئے 2019 میں ایشیا پیسیفک کمبوڈیا کانفرنس میں شرکت، اُس وقت کے وزیرِاعظم سامدیچ تیچو ہن سین سے ملاقات اور جولائی 2023 میں بین الاقوامی قیادت کانفرنس میں شرکت کے علاوہ عام انتخابات کے بین الاقوامی مبصر کے طور پر دورے کا حوالہ دیا۔انہوں نے پارلیمانی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے 2016 میں دونوں ممالک کی سینیٹس کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کو اہم سنگِ میل قرار دیا۔ اس موقع پر پارلیمانی فرینڈشپ گروپس، کمیٹی سطح کے تبادلوں اور استعداد کار بڑھانے کے اقدامات کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ نے نومبر 2025 میں اسلام آباد میں منعقدہ انٹر پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (ISC) میں کمبوڈیا کی فعال شرکت کا خیرمقدم کیا اور تجارت، دفاع و سلامتی، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے، موسمیاتی لچک، اور ثقافتی روابط کے فروغ کے وسیع امکانات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستان کی گندھارا تہذیب سے جڑی مشترکہ بدھ مت وراثت کو بھی دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط کا اہم ذریعہ قرار دیا،ملاقات کے اختتام پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے امن، علاقائی استحکام اور جامع ترقی کے فروغ کے لیے کمبوڈیا کے ساتھ قریبی تعاون اور روابط کو مزید گہرا کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔