November 17, 2026

‏جیفری ایپسٹین: طاقت، دولت اور مغربی نظام کی سیاہ تصویر۔

Screenshot_2026-02-02_174617

‏جیفری ایپسٹین: طاقت، دولت اور مغربی نظام کی سیاہ تصویر۔

جیفری ایپسٹین کوئی عام مجرم نہیں تھا۔ وہ ایک علامت تھا۔ ایک ایسا نام جو ہمیں یہ دکھاتا ہے کہ جب دولت، طاقت اور ریاستی سرپرستی اکٹھی ہو جائیں تو انصاف کیسے مفلوج ہو جاتا ہے۔

ایپسٹین کون تھا اور کیا کرتا تھا؟
جیفری ایپسٹین ایک (ممکنہ اسرائیلی جاسوس) امریکی فنانسر تھا جو بظاہر سرمایہ کاری اور دولت کے انتظام کے شعبے میں کام کرتا تھا۔ اس کی اصل دولت کہاں سے آئی، یہ سوال آج بھی پوری طرح جواب طلب ہے۔ وہ خود کو “ایلیٹ فنانشل ایڈوائزر” کہتا تھا، مگر اس کے کلائنٹس میں سیاستدان، بادشاہ، ارب پتی سرمایہ کار، ٹیک اور میڈیا کے طاقتور لوگ شامل تھے۔ یہی تعلقات اس کی اصل طاقت تھے۔
1990 کی دہائی سے اس پر کم عمر لڑکیوں کے جنسی استحصال کے الزامات لگتے رہے۔ 2008 میں اسے فلوریڈا میں ایک نرم ڈیل ملی، جسے بعد میں “سویٹ ہارٹ ڈیل” کہا گیا۔ عام آدمی کے لیے جو جرم عمر قید بن جاتا، ایپسٹین کے لیے چند مہینوں کی قید اور وہ بھی خصوصی سہولتوں کے ساتھ۔

اس کا آئی لینڈ کہاں تھا اور وہاں کیا ہوتا رہا؟
ایپسٹین کا بدنام زمانہ جزیرہ امریکی ورجن آئی لینڈز میں واقع تھا، جسے “لٹل سینٹ جیمز” کہا جاتا ہے۔ میڈیا نے اسے “پیڈو آئی لینڈ” کا نام دیا۔ عدالتی بیانات، متاثرہ لڑکیوں کی گواہیاں اور بعد میں سامنے آنے والی دستاویزات کے مطابق وہاں طاقتور مہمان آتے تھے، پرائیویٹ جیٹس، خفیہ ملاقاتیں، اور کم عمر لڑکیوں کا منظم استحصال ہوتا رہا۔ کیمرے، خفیہ کمروں سے ویڈیوز اور تصاویر بنتی رہی اور بلیک میلنگ بھی۔

ایپسٹین فائلز کیا ہیں؟
“ایپسٹین فائلز” سے مراد وہ عدالتی دستاویزات، ای میلز، فلائٹ لاگز، اور گواہیاں ہیں جو مختلف مقدمات میں سامنے آئیں، خاص طور پر گھسلین میکسویل کے کیس اور بعد میں ان سیل شدہ فائلوں کا کھلنا۔ ان میں کئی بااثر ناموں کا ذکر آیا، مگر یہاں ایک بات واضح رکھنا ضروری ہے:
نام آنا جرم ثابت ہونے کے برابر نہیں۔
مسئلہ یہ ہے کہ مغربی نظام میں طاقتور لوگوں کے خلاف تحقیقات ہمیشہ آدھی رہتی ہیں۔ کچھ نام میڈیا میں اچھال دیے جاتے ہیں، کچھ ہمیشہ کے لیے “قانونی پیچیدگیوں” میں دفن ہو جاتے ہیں۔

لڑکیاں کہاں سے لاتا تھا؟
ایپسٹین زیادہ تر غریب اور کمزور طبقے سے تعلق رکھنے والی لڑکیوں کو نشانہ بناتا تھا۔ امریکہ کے اندر بھی اور باہر بھی۔ انہیں پیسوں، ماڈلنگ یا نوکری کے جھانسے دیے جاتے تھے۔ بعض اوقات متاثرہ لڑکیوں کو ہی نئی لڑکیوں کو لانے کے لیے استعمال کیا گیا۔ یہ ایک مکمل نیٹ ورک تھا، کوئی اکیلا آدمی نہیں۔

اصل مسئلہ: فرد نہیں، نظام
مغربی بیانیہ خود کو انسانی حقوق، قانون کی بالادستی اور اخلاقیات کا علمبردار کہتا ہے۔ مگر ایپسٹین کیس نے اس بیانیے کی بنیادیں ہلا دیں۔
سوال یہ نہیں کہ ایپسٹین نے کیا کیا۔
سوال یہ ہے کہ وہ اتنے برس کیسے بچا رہا؟
کس نے اسے تحفظ دیا؟
کس نے آنکھیں بند رکھیں؟
جب ایک غریب انسان جرم کرے تو قانون فوراً حرکت میں آتا ہے۔ جب ایک ارب پتی، جس کے روابط صدور، شہزادوں اور کارپوریٹ اشرافیہ سے ہوں، وہی جرم کرے تو قانون “خاموش” ہو جاتا ہے۔ یہ خاموشی حادثہ نہیں، پالیسی ہوتی ہے۔
دولت مندوں کی دنیا میں اخلاق ایک دکھاوا ہے
ایپسٹین کا انجام بھی نظام کی منافقت کو بے نقاب کرتا ہے۔ جیل میں اس کی پراسرار موت، نگرانی کی ناکامی، کیمرے خراب، محافظ سوئے ہوئے۔ یہ سب محض اتفاقات نہیں لگتے۔ یہ اس نظام کا فطری رویہ ہے جو طاقتوروں کو بچانے کے لیے بنایا گیا ہے۔