November 17, 2026

کراچی پریس کلب میں ڈاکٹر سعدیہ کمال کی کتاب “تریمت کتھا” کی تقریب رونمائ

IMG-20260204-WA0231

کراچی پریس کلب میں ڈاکٹر سعدیہ کمال کی کتاب “تریمت کتھا” کی تقریب رونمائ

خصوصی تحریر : راجہ نورالہی عاطف

ہمارے معاشرے میں کچھ شخصیات ایسی ہوتی ہیں جو محض اپنے شعبے تک محدود نہیں رہتیں بلکہ اپنی فکر، قلم اور کردار کے ذریعے سماج کی مجموعی سمت متعین کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ڈاکٹر سعدیہ کمال بھی انہی ممتاز اور باوقار شخصیات میں شامل ہیں جنہوں نے سماجی خدمت، صحافت اور ادب—تینوں میدانوں میں اپنی الگ اور معتبر شناخت قائم کی ہے۔
ڈاکٹر سعدیہ کمال کا سب سے نمایاں وصف ان کا سماجی شعور ہے۔ وہ ایک حساس دل اور بیدار ذہن رکھنے والی خاتون ہیں جو معاشرے کے پسے ہوئے طبقات، بالخصوص خواتین، بچوں اور نظرانداز شدہ افراد کے مسائل کو نہ صرف سمجھتی ہیں بلکہ ان کی آواز بن کر عملی جدوجہد بھی کرتی ہیں۔ سماجی ناانصافی، تعلیم کی کمی، خواتین کے حقوق اور اخلاقی اقدار کے فروغ جیسے موضوعات ان کی تحریروں اور سرگرمیوں کا مرکزی محور رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی کتاب “تریمت کتھا” میں ان موضوعات کا بہت اچھے انداز میں احاطہ کیا ہے۔
کراچی پریس کلب میں ڈاکٹرسعدیہ کمال کی کتاب “تریمت کتھا“ کی تقریب رونمائی کا انعقاد کیاگیا۔ جس میں مقررین نے شاندار الفاظ میں سرائیکی وسیب کی سرمایہء افتخار ڈاکٹر سعدیہ کمال کی خوب پذیرائ کی۔
وسیب زادی ڈاکٹر سعدیہ کمال اپنی صلاحیتوں اور انتھک جدوجہدکے اعتبار سے باکمال ہیں ـ ان کا کمال ہے کہ جو سوچتی ہیں، جو کرنا چاہتی ہیں وہ کر کے دکھاتی بھی ہیں ـ ان کی کاوش، محنت، لگن اور جہدِ مسلسل تریمت کتھا کی صورت آج ہمارے سامنے ہے ـ نسائی ادب پر پانچ زبانوں پر مشتمل افسانہ و نثر نگاری کی یہ کتھا جہاں خواتین لکھاریوں کی ادبی خدمات کو اُجاگر کرتی ہے، وہاں تحقیق وتخلیق کے کئی در وا کرتےڈاکٹر سعدیہ کمال کی خداداد صلاحیتوں کو بھی ظاہر کرتی ہے ـ
تریمت کتھا اپنی نوعیت اور موضوع کے اعتبار سے ایک نویکلے پن کا تحقیقی کام ہے ـ ڈاکٹر سعدیہ کمال کے زیر نظر موضوع کے اہم پہلو، خطے کی تہذیب و کلچر کو سندھی، سرائیکی، پنجابی، پشتو اور بلوچی لسانی قومیتوں کی صورت پہچانا جاسکتا ہے ـ تل وطنی یہ پانچ مظاہر آج قومیتی ثقافتی اظہار کے خاص تاریخی مرحلے میں ہیں ـ اس خطے کی پانچ ثقافتوں میں نسائی اظہار کی یہ دستاویز جہاں اپنے انفرادی عکس وضع کرتی ہے، وہاں ان پانچ قومیتی ثقافتوں کے درمیان اشتراک، ملاپ اور ہم آہنگیاں بھی سامنے لاتی ہے ـ
ڈاکٹر سعدیہ کمال نے ادبی میدان میں خواتین لکھاریوں کو درپیش مشکلات، کٹھن مراحل کا بھی بخوبی احاطہ کیا ہے ـ یہ کتاب نسائی سفر کی کتھا ہے اور یہ سفر کسی صورت آسان نہیں ـ تریمت کتھا ایسے ہی کٹھن سفر سے جُڑی یادوں پر مبنی دستاویز ہے ـ
تریمت کتھا میں ایک بات مشترک نظر آئی کہ نسائی ادب عورت کی مظلومیت کا پرچارسب کا موضوع رہا لیکن سعدیہ کمال نے تصویر کا دوسرا رخ دکھاتے ہوئے عورت کے مظالم بھی آشکار کئے.
قیام پاکستان سے لے کر اب تک ڈاکٹر سعدیہ کمال کا نسائی ادب پر یہ تحقیقی مقالہ 78 برسوں کی تریمت کتھا ہے، جو ہم جیسے طالب علموں بالخصوص نئے لکھنے والوں اور آئندہ نسلوں کیلئے نسائی ادب کے حوالے سے مشعل راہ ہے.
صحافت کے میدان میں بھی ڈاکٹر سعدیہ کمال کا کردار نہایت ذمہ دارانہ اور مقصدیت سے بھرپور ہے۔ ان کی تحریریں سنسنی خیزی سے پاک، مگر اثر پذیری سے بھرپور ہوتی ہیں۔ وہ حقائق کی روشنی میں مسائل کا تجزیہ کرتی ہیں اور اصلاحِ احوال کی راہیں بھی دکھاتی ہیں۔ ان کا قلم کسی خاص مفاد یا دباؤ کا اسیر نہیں بلکہ سچائی، دیانت اور عوامی فلاح کے اصولوں پر قائم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی تحریریں قارئین کے دلوں تک رسائی حاصل کرتی ہیں اور سنجیدہ حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہیں۔
ادبی حوالے سے ڈاکٹر سعدیہ کمال ایک نفیس ذوق اور گہرے مشاہدے کی حامل ادیبہ ہیں۔ ان کا اسلوب سادہ، شستہ اور دلنشیں ہے، جس میں فکری گہرائی اور جذباتی توازن نمایاں نظر آتا ہے۔ وہ ادب کو محض اظہارِ جذبات نہیں بلکہ اصلاحِ معاشرہ کا مؤثر ذریعہ سمجھتی ہیں۔ ان کی تحریروں میں تہذیبی اقدار، اخلاقی پیغام اور انسانی رشتوں کی لطافت خوبصورتی سے جھلکتی ہے۔
ڈاکٹر سعدیہ کمال کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ قول اور فعل کے تضاد سے پاک ہیں۔ جو کچھ وہ لکھتی ہیں، وہی ان کی عملی زندگی کا عکس بھی ہوتا ہے۔ یہی ہم آہنگی انہیں ایک معتبر دانشور، ذمہ دار صحافی اور سچی سماجی کارکن کے طور پر ممتاز کرتی ہے۔
بلاشبہ ڈاکٹر سعدیہ کمال ہماری سماجی و ادبی فضا میں تازہ ہوا کا جھونکا ہیں۔ ان کی خدمات نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور یہ توقع کی جا سکتی ہے کہ وہ مستقبل میں بھی اپنے قلم اور کردار کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی کا سفر جاری رکھیں گی۔