November 17, 2026

عنوان. ایک مجبور, بے بس، عام شخص کا جنازہ تحریر. ڈاکٹر پونم نورین گوندل لاہور

Screenshot_2026-02-03_194042

عنوان. ایک مجبور, بے بس، عام شخص کا جنازہ
تحریر. ڈاکٹر پونم نورین گوندل لاہور
صرف میری سانس نے آج دوپہر، ظہر کے وقت جسم سے پرواز کی تھی، مر تو میں کءی دوہاییاں پہلے ہی چکا تھا.اس وقت بھی پل پل میری موت واقع ہو جاتی تھی جب میرے ماں کے مرتے ہی میرے باپ نے سمعیہ حبیب سے ایمرجنسی میں نکاح پڑھوا لیا تھا کہ چار بچوں کے روٹی ٹکر کے لیے کسی عورت نامی وجود کی تو اشد ضرورت تھی ناں، اب ابا جی روپے کمائیں یا پھر چھوٹے بچوں کی ریں ریں سنیں، اور میری سوتیلی ماں جس طرح کا سلوک ہم چاروں مسکینوں سے کرتی تھی، لکھنے میں تو شاید آ جاے مگر احساس کے شکنجے اسے شاید اس طرح محسوس نہ کر پائیں جیسے ہم چاروں بہن بھای محسوس کرتے تھے اور پھر چھڑیوں سے لگے ہوے زخم نہ صرف ایک دوسرے سے چھپاتے تھے بلکہ اپنے آنسوؤں کی جھڑیاں بھی ایک دوسرے سے چھپ چھپا کے ہی بہاتے تھے، ہاے یہ ستلاپے کی جلن بھی کیا موذی مرض ہے،سوتیلی ماں بھلے جتنی بھی اچھی ہو جاے وہ اس زہر کو ان بچوں میں منتقل کرنے سے باز آ ہی نہیں سکتی جو لفظ سوتیلے کا حصہ ہے، تو جب کسی بچے کو اللہ پاک نے دنیا میں جی بھر کے آزمائش دینی ہوتی ہے تو اس سے اس کی ماں چھین لیتا ہےتو ستلا پے کی بیماری کسی کینسر کی طرح جسم کے ایک حصے پہ حملہ کرتی ہے اور پھر خون کے ذریعے تمام جسم کو اپنا گھر بنا لیتی ہے اور کینسر کا مریض سواے اپنے موت کے انتظار کے اور کچھ بھی کرنے سے قاصر رہتا ہے،تو وہ بچے جو انتہاے بد نصیبی کا شکار ہو کر اپنی ماں کو کھو دینے کے بعد سوتیلی ماں کے ناروا سلوک کا شکار جانے انجانے میں ہوتے رہتے ہیں ، وہ نہ تو زندوں میں شمار ہوتے ہیں نہ مردوں میں، ہاں دیکھنے والوں کو تو زندہ ہی دکھای دیتے ہیں مگر ان کی خواہشات اور امنگوں کی رت کا باقاعدہ طور پر خون کر کے ہولی بھی منای جا چکی ہوتی ہے. تو ایسا ہی کچھ ولی قیوم کے ساتھ بھی ہوا تھا، بچپن جیسے تیسے سسک سسک کے گزر گیا، جیسے تیسے کر کے ماڑی چنگی دس جماعتیں بھی پاس ہو گییں، اس کے بعد پڑھائی کے شعبے پہ باقاعدہ طور پر لکیر کھینچ دی گءی اور ولی کو گاڑیوں کی مرمت سیکھنے جیسے نفع بخش، ہنر پہ لگا دیا گیا، یوں کرتے کراتے جب ولی صاحب دو پیسے کمانے لایق ہوے تو سوتیلی ماں نے اپنی بھانجی کا ملبہ بیچارے ولی پہ چپکے سے گرا دیا کہ کماو پتر کہیں ہاتھوں سے نکل نہ جاے،خیر کماو اور فرمانبردار پتر نے بھی فرمانبرداری کی حد کرتے ہوے اپنی بچپن کی محبت نازی کا نام اپنے دل کی روشن گلیوں میں جگمگاتا ہوا چھوڑ کر دنیا کو خوش کرنے کے لیے سوتیلی ماں کی نہ چاہتے ہوے بھی مان لی. لیکن کتنا مشکل کام ہے ناں اپنی خواہشات کو مار کے گھٹ گھٹ کے جینا، لیکن میں کیا، معمولی تنخواہ میں میری چھوٹی چھوٹی خواہشیں بھی دوہای دیتی ہی رہ گییں، کام زیادہ، تھکن زیادہ اور خواہش بس اتنی کہ گھر میں دال روٹی ہی چلتی رہے، ماں کو دوا اور بچوں کی سکول کی فیسیں بر وقت ادا ہو جایں، بجلی، پانی اور گیس کے بل ادا ہو ں تاکہ گھر کا چولہا جلتا رہے، چاے پیتے ہوے یہ معصوم سی خواہش کہ کہیں چینی کم نہ پڑ جاے، عید پہ جوڑوں اور جوتوں کا کبھی کسی نے سوچا ہی نہ تھا، سوتیلی ماں اور سگا باپ بھی مر گیا اور ایک دن جب ولی اپنے دفتر میں گھر سے لای ہوی آلو کی بھجیا ٹھنڈی ٹھار روٹی سے کھانے ہی لگا تھا؛ کہ اس کا بھی بلاوا آگیا؛ آلو کی بھجیا اور روٹی کے زمین پہ گرنے سے پہلے ولی کا بے جان وجود زمین پہ گرا، ساری عمر سڑکوں پہ ایڑیاں رگڑنے والے کے مردے کو ایمبولینس میں ڈال کر بڑے ہسپتال لے جایا گیا، اس کی موت کی باقاعدہ ڈاکٹری تصدیق کے بعد اسے غسل دے کر سفید براق کفن میں لپیٹ دیا گیا، کفن نیا اور سفید تھا بنا کسی داغ دھبے کے ہاں کفن کے اندر مرنے والے کے دل و دماغ ہی نہیں بدن کے ہر مسام پہ نا آسودہ حسرتوں اور پوری نہ ہونے والی خواہشات کے نہ دکھای دینے والے خیمے تھے جنہوں نے بڑی مہارت سے ولی کے بدن کو کسی آکٹوپس کی طرح ڈھانپ رکھا تھا، محلے کی ایک بوڑھی عورت نے مرنے والے، اس عام شخص کے دیدار کے بعد بس اتنا کہا بڑا ہی بیبا اور نیک انسان تھا، کبھی اسے بولتے ہوے نہیں دیکھا، پنج وقت کا نمازی تھا، ہر اللہ اکبر کی صدا پہ آنکھیں جھکاے مسجد کی طرف دوڑ لگا دیتا تھا، عام شخص کے عام سے جنازے میں شریک اس کے عام سے بیوی بچوں کی آنکھوں کے سوتے رو رو کے خشک ہو چکے تھے، عام آدمی کو نماز جنازہ کے بعد ایک عام سے قبرستان میں دفنانے کے بعد مختلف ہاتھوں نے مٹی بھی ڈال دی تھی، عام آدمی سسک سسک کے اپنی زندگی بتا کے اب خالی ہاتھوں، ہر دنیاوی زیادتی کو خاموشی سے برداشت کر کے اللہ پاک کے در پہ پہنچ چکا تھا،
ڈاکٹر پونم نورین گوندل لاہور
Punnam.naureenl@icloud.com