November 17, 2026

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) ورلڈ بینک کے صدر اجے پال سنگھ بنگا نےخوشاب میں واقع تاریخی

IMG-20260203-WA0292

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) ورلڈ بینک کے صدر اجے پال سنگھ بنگا نےخوشاب میں واقع تاریخی گوردوارہ گرو سری سنگھ سبھا کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیاگیا۔ ممبر صوبائ اسمبلی ملک محمد آصف بھاء کی طرف سے اجے پال سنگھ بنگا اور مسز اجے پال سنگھ بنگا کو بھرپور طریقے سے خوش آمدید کہا گیا اور انہیں شال پہنائی گئیں۔
اس موقع پر خوشاب پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے انتہائی سخت اور فول پروف انتظامات کیے گئے تھے تاکہ دورے کو پُرامن اور محفوظ بنایا جا سکے۔
ورلڈ بینک کے صدر کے دورے کے پیش نظر خوشاب پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے مکمل طور پر الرٹ رہے۔ گوردوارہ اور اس کے اطراف میں سیکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر کڑی نگرانی رکھی گئی۔
دورے کے دوران اجے پال سنگھ بنگا نے گوردوارہ کی تاریخی و مذہبی اہمیت کو سراہا اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیا۔ انہوں نے انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ورلڈ بینک کے صدر اجے پال سنگھ بنگا کا خصوصی دورہ خوشاب کی تاریخ کا ایک اہم اور یادگار موقع ثابت ہوا۔ اس باوقار اور بین الاقوامی اہمیت کے حامل دورے نے نہ صرف ضلع کی ساکھ کو اجاگر کیا بلکہ انتظامی صلاحیتوں، نظم و نسق اور مربوط حکمتِ عملی کی بہترین مثال بھی قائم کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خوشاب جہانزیب لابر کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ نے مثالی انتظامات کرتے ہوئے ہر مرحلے کو نہایت پیشہ ورانہ انداز میں سرانجام دیا۔ مہمانوں کے استقبال، پروگرام کی ترتیب، سہولیات کی فراہمی اور مجموعی نظم و ضبط میں بہترین ہم آہنگی دیکھنے میں آئی جو کامیاب منصوبہ بندی کا واضح ثبوت ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) خوشاب عمارہ شیرازی نے بھی مؤثر قیادت اور بھرپور حکمتِ عملی کے ذریعے امن و امان اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا۔ پولیس فورس نے مستعدی اور ذمہ داری کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے فرائض احسن طریقے سے ادا کیے۔
اسی طرح ڈسٹرکٹ سیکیورٹی أفیسر شاہ خالد کی خدمات بھی قابلِ ستائش رہیں، جنہوں نے جانفشانی اور فرض شناسی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے انتظامات کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ان کے علاوہ ریسکیو 1122خوشاب، پیرا فورس، ٹریفک پولیس، میونسپل کمیٹی خوشاب اور دیگر تمام اداروں کے سربراہان نے جاں فشانی سے کام کرتے ہوئے دورے کو کامیاب کروانے میں اپنا اہم کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ خوشاب وہ سرزمین ہے جہاں قدرتی حسن اور تاریخی ورثہ ازل سے ہم آہنگ نظر آتے ہیں۔
پرسکون جھیلوں، زرخیز میدانوں، بلند و بالا سطح مرتفع اور سنہری ریگستانی خطوں کے درمیان واقع خوشاب پاکستان کے قدرتی حسن اور استقامت کی جیتی جاگتی تصویر ہے۔ اس کی مٹی فراوانی کو جنم دیتی ہے، اس کے مناظر جدوجہد اور ثابت قدمی کی داستانیں سناتے ہیں، جبکہ اس کے لوگ محنت، مہمان نوازی اور امید کی روشن مثال ہیں۔
خوشاب دنیا بھر میں اپنے مشہور نمک، خوش ذائقہ اور معطر مالٹوں، اور اپنی روایتی و لذیذ مٹھائیوں ڈھوڈھا اور پتیسا کے حوالے سے پہچانا جاتا ہے—جو ہماری ثقافتی وراثت اور نسل در نسل منتقل ہونے والی ہنرمندی کی علامت ہے۔
ان امکانات اور مواقع سے بھرپور سرزمین پر ورلڈ بینک کے صدر کی میزبانی اہلیان ضلع خوشاب لیے باعثِ فخر ہے۔