سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) سرگودھا رائٹرز کلب کا ماہانہ اجلاس آرٹس کونسل سرگودھا کے منی
سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) سرگودھا رائٹرز کلب کا ماہانہ اجلاس آرٹس کونسل سرگودھا کے منی آڈیٹوریم میں ادب کی خوشبو اور لفظوں کی روشنی لیے منعقد ہوا۔ اس بامعنی ادبی نشست کی صدارت معروف شاعر اور دانشور پروفیسر یوسف خالد نے کی جب کہ تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں ممتاز شاعر ممتاز عارف اور ڈاکٹر شفیق آصف شامل تھے۔
تقریب کی نظامت کے نہایت خوش اسلوبی سے سرگودھا رائٹرز کلب کے جنرل سیکرٹری ذوالفقار احسن نے انجام دیے۔ پروگرام کا آغاز یونس خاموش کی دل میں اتر جانے والی تلاوتِ کلامِ پاک اور ذوالفقار احسن کے نعتیہ کلام سے ہوا جس نے محفل کو روحانی وقار عطا کیا۔
تقریب کا پہلا دور “یادِ رفتگاں” کے عنوان سے منعقد ہوا جس میں سرگودھا کے ممتاز اور مرحوم شعرا علامہ رشک ترابی، شاکر نظامی اور نصر اللہ خان آدم کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر پروفیسر یوسف خالد، ڈاکٹر ہارون الرشید، ممتاز عارف، ڈاکٹر شفیق آصف، ڈاکٹر آصف راز اور ذوالفقار احسن نے مرحومین کی ادبی خدمات اور شخصی اوصاف پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے یادوں کے چراغ روشن کیے۔
دوسرے دور میں پروفیسر یوسف خالد نے معروف شاعرہ نجمہ منصور کے حال ہی میں شائع ہونے والے نثری نظموں کے مجموعے “مکاشفہ” گوتم سے مکالمہ پر ایک جامع اور فکر انگیز مقالہ پیش کیا جس میں کتاب کے فکری، فنی اور علامتی پہلوؤں کو سراہا گیا۔ ڈاکٹر رضوانہ نقوی نے بھی اس موقع پر کلب کی خدمات کےئحوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔
تقریب کا آخری دور محفلِ مشاعرہ پر مشتمل تھا جس میں لفظوں نے آواز پائی اور جذبوں نے قافیہ باندھااس مشاعرے میں پروفیسر ڈاکٹر ہارون رشید تبسم،صدرِ محفل پروفیسر یوسف خالد، مہمانِ خصوصی ممتاز عارف، ڈاکٹر شفیق آصف، نجمہ منصور، ڈاکٹر آصف راز، ذوالفقار احسن، ڈاکٹر سید مرتضیٰ حسن، یونس خاموش، طارق راز اور دیگر شعرا نے اپنا منتخب کلام پیش کیا جسے حاضرین نے دل کھول کر سراہا۔
یہ ادبی نشست نہ صرف سرگودھا کی ادبی روایت کی توسیع ہے بلکہ لفظ، یاد اور تخلیق کے باہمی رشتے کی ایک خوبصورت مثال بھی ہے ۔