October 16, 2026

چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سید کمیل حیدر شاہ کا چلڈرن ہسپتال کا دورہ، دس انکیوبیٹرز کی خریداری کے لیے ایک کروڑ روپے کا چیک فراہم

IMG-20260130-WA0265

چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سید کمیل حیدر شاہ کا چلڈرن ہسپتال کا دورہ، دس انکیوبیٹرز کی خریداری کے لیے ایک کروڑ روپے کا چیک فراہم

سکھر۔روز نامہ کانیات(بیورورپورٹ زیدی چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے چلڈرن ہسپتال سکھر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا اور انتظامیہ سے طبی سہولیات، دستیاب وسائل اور مریضوں کے علاج معالجے سے متعلق بریفنگ حاصل کی۔دورے کے موقع پر سید کمیل حیدر شاہ نے بچوں کے علاج میں سہولت کو مزید بہتر بنانے کے لیے دس جدید انکیوبیٹرز کی خریداری کی مد میں ایک کروڑ روپے کا چیک ہسپتال انتظامیہ کے حوالے کیا۔ انتظامیہ نے بتایا کہ اس اقدام سے نوزائیدہ بچوں کی نگہداشت کے نظام کو مزید مضبوط کیا جا سکے گا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل نے کہا کہ سندھ حکومت کی اولین ترجیح صحت کا شعبہ ہے، جس پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال ایک جدید اور معیاری طبی ادارہ ہے جہاں بچوں کا علاج بالکل مفت کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں انکیوبیٹرز کی تعداد کو پچاس سے بڑھا کر ساٹھ کیا جا رہا ہے جبکہ آئندہ مزید انکیوبیٹرز کی خریداری بھی عمل میں لائی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔سیاسی امور پر بات کرتے ہوئے سید کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ گل پلازہ سانحے کو سیاسی رنگ دینا مناسب نہیں، گل پلازہ کو میئر کراچی نے آگ نہیں لگائی۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے بعد ایم کیو ایم کی جانب سے کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کا مطالبہ افسوسناک اور غیر سنجیدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پہلے سندھ کے اہم منصوبوں جیسے موٹر ویز، کے فور، بی آر ٹی سمیت دیگر ترقیاتی اسکیموں کو مکمل کرے، کیونکہ وفاق سے ملک کے تین سے چار صوبے بھی درست طریقے سے نہیں چل پا رہے۔ ایسے میں کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کا مطالبہ محض سیاسی بیان بازی کے سوا کچھ نہیں۔پنجاب میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر بات کرتے ہوئے سید کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ لاہور میں ماں اور بیٹی کے گٹر میں گر کر جاں بحق ہونے کے واقعے پر پنجاب حکومت نے اپنی غلطی تسلیم کی ہے، اس لیے اس معاملے پر سیاست کرنے کے بجائے اصلاحی اقدامات پر توجہ دی جانی چاہیے۔آخر میں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ حکومت عوام کو صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔