سکھر(بیورورپورٹ)گل پلازہ سانحے کے بعد سکھر و روہڑی میں فائر سیفٹی پر دوہرا معیار بے نقاب
سکھر(بیورورپورٹ)گل پلازہ سانحے کے بعد سکھر و روہڑی میں فائر سیفٹی پر دوہرا معیار بے نقاب دکانداروں اور نجی اسکول مالکان کو ہدایات سرکاری دفاتر خود آگ سے بچاؤ کے آلات سے محروم سکھر و روہڑی میں شہریوں کی جانیں خطرے میں تفصیلات کے مطابق کراچی کے گل پلازہ سانحے کے بعد ضلع سکھر اور شہر روہڑی میں فائر سیفٹی اور آگ سے بچاؤ کے حوالے سے جاری آگاہی مہم کے باوجود شہری اور سرکاری اداروں میں بنیادی حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی تشویشناک صورتحال سامنے آئی ہے موصولہ اطلاعات اور باخبر ذرائع کے مطابق دکانداروں،مارکیٹوں اور نجی اسکول مالکان کو فائر سیفٹی آلات نصب کرنے اور حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی سرکاری سطح پر ہدایات جاری کی گئی ہیں لیکن سرکاری دفاتر اور اہم عمارات میں عمل درآمد نہ ہونے کے برابر ہے سکھر اور روہڑی کے متعدد سرکاری دفاتر،پولیس اسٹیشنز،میونسپل کارپوریشنز اور دیگر اداروں میں نہ فعال فائر ایکسٹینگشرز موجود ہیں نہ فائر الارم سسٹم اور نہ ہی ایمرجنسی ایگزٹ کے واضح راستے بعض دفاتر میں موجود پرانے فائر ایکسٹینگشرز کئی سال سے ناقابل استعمال پڑے ہیں اور ان کی ری فلنگ کا کوئی ریکارڈ نہیں ماہرین کا کہنا ہے کہ اس غفلت کے باعث سرکاری عملے کے ساتھ ساتھ شہری بھی کسی بڑے حادثے کے خطرے سے دوچار ہیں ادھرباخبر ذرائع نے بتایا کہ سکھر اور روہڑی شہر کے سب سے مصروف اور اہم سرکاری اداروں میں روہڑی ریلوے اسٹیشن،لوکو شیڈ ورکشاپ اور وہاں قائم فیول ڈیپو شامل ہیں جہاں درجنوں انجنوں کی مرمت کے دوران سیکڑوں ملازمین کام کرتے ہیں ماہرین نے کہا کہ ایسے مقامات پر فائر سیفٹی کے انتظامات کی کمی کسی بھی معمولی آگ کو بھی بڑے سانحے میں بدل سکتی ہے ان مقامات پر درج ذیل اقدامات لازمی ہیں فعال فائر ایکسٹینگشرز،فائر الارم سسٹم اور اسموک ڈیٹیکٹرز،واضح ایمرجنسی ایگزٹ راستے،عملے کی فائر سیفٹی تربیت،بجلی کے نظام کی باقاعدہ جانچ سماجی تنظیموں اور شہریوں نے ضلعی انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ پہلے سکھر اور روہڑی کے سرکاری دفاتر، اسٹیشن اور لوکو شیڈ ورکشاپ جیسے اہم مقامات میں فائر سیفٹی کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے پھر نجی اداروں کے خلاف ہدایات پر عملدرآمد کرایا جائے ماہرین اور عوام کا کہنا ہے کہ اس دوہرے معیار کو ختم کیے بغیر انسانی جانوں کا تحفظ ممکن نہیں اور مستقبل میں کسی بھی حادثے کی ذمہ داری براہِ راست متعلقہ سرکاری محکموں پر عائد ہوگی