November 28, 2026

سکھر: سیپا سکھر کے زیرِ اہتمام اینٹوں کے بھٹوں کی زیگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے حوالے سے ایک آگاہی سیمینار منعقد۔

Screenshot_2026-01-28_152108

سکھر: سیپا سکھر کے زیرِ اہتمام اینٹوں کے بھٹوں کی زیگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے حوالے سے ایک آگاہی سیمینار منعقد۔
حکومت سندھ کی ہدایات پر روایتی بھٹوں کی زیگ زیگ ٹیکنالوجی میں تبدیلی لازمی قرار۔
زیگ زیگ ٹیکنالوجی فضائی آلودگی میں نمایاں کمی کا مؤثر حل ہے: عمران علی عباسی
زیگ زیگ ٹیکنالوجی سے ایندھن کی بچت اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ عمران علی عباسی

سکھر(بیورورپورٹ)وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقیاتی دوست محمد راہیموں، سیکریٹری ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقیاتی محکمہ زبیر احمد چنہ اور ڈائریکٹر جنرل سندھ ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (سیپا) وقار حسین پھلپوٹو کی خصوصی ہدایات پر، سندھ ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (سیپا) ریجنل آفس سکھر کے زیرِ اہتمام اینٹوں کے روایتی بھٹوں کو جدید زیگ زیگ ٹیکنالوجی منتقل کرنے سے متعلق ایک آگاہی سیمینار کانفرنس ہال، سیپا ریجنل آفس سکھر میں منعقد ہوا۔ سیمینار کی صدارت ریجنل انچارج سیپا سکھر عمران علی عباسی نے کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریجنل انچارج سیپا سکھر عمران علی عباسی نے اس بات کا واضح اعادہ کیا کہ حکومت سندھ کی ہدایات اور رائج ماحولیاتی قوانین و ضوابط کے مطابق روایتی اینٹوں کے بھٹوں کو زیگ زیگ ٹیکنالوجی میں تبدیل کرنا ناگزیر ہے، کیونکہ یہ ٹیکنالوجی فضائی آلودگی کے خاتمے اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے ایک مؤثر اور دیرپا حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیمینار کا بنیادی مقصد ماحول دوست طریقۂ کار کو فروغ دینا، فضائی آلودگی میں نمایاں کمی لانا اور اینٹوں کے بھٹوں کے شعبے میں جدید اور توانائی بچانے والی ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنانا ہے۔ ریجنل انچارج نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ زیگ زیگ ٹیکنالوجی کے ذریعے دھوئیں اور مضر صحت باریک ذرات کے اخراج میں خاطر خواہ کمی آتی ہے، ایندھن کا مؤثر استعمال ممکن ہوتا ہے، پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے اور بھٹوں پر کام کرنے والے مزدوروں کے لیے ایک محفوظ اور بہتر ماحول فراہم ہوتا ہے، جو صحتِ عامہ کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے بھٹہ مالکان کو یقین دہانی کرائی کہ تبدیلی کے عمل کے دوران درپیش تکنیکی اور انتظامی مسائل اور تحفظات کو اعلیٰ حکام تک پہنچایا جائے گا، جبکہ مسائل کے بروقت حل اور رہنمائی کے لیے ہر پندرہ دن بعد فالو اپ سیشنز کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ ریجنل انچارج سیپا نے سختی سے ہدایت کی کہ کسی بھی صورت میں گندے، غیر معیاری اور خطرناک ایندھن کے استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ قومی شاہراہوں کے اطراف اور رہائشی علاقوں میں قائم اینٹوں کے بھٹوں کو ماحولیاتی قوانین اور حکومتی ہدایات کے مطابق منتقل کیا جائے تاکہ عوامی صحت، صاف ماحول اور پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ سیمینار میں اینٹوں کے بھٹوں کے مالکان، غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندگان، ماحولیاتی ماہرین اور سیپا کے افسران نے شرکت کی۔ سیمینار کے اختتام پر سوال و جواب کا ایک جامع سیشن منعقد ہوا، جس میں بھٹہ مالکان نے بھرپور شرکت کی اور زیگ زیگ ٹیکنالوجی میں منتقلی کو ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کی جانب ایک مثبت اور ضروری اقدام قرار دیتے ہوئے اس تبدیلی کا خیرمقدم کیا۔