ٹھٹھ رپوٹ عبدالعزیز شیخ ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت کی زیر صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ، اسسٹنٹ کمشنرز، مختیارکارز
ٹھٹھ
رپوٹ عبدالعزیز شیخ
ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت کی زیر صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ، اسسٹنٹ کمشنرز، مختیارکارز اور ڈی سی آفس کے مختلف برانچ انچارجز کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ری رائٹ ، ری کنسٹریکشن ، جمع بندی ، ریونیو معاملات ، فیلڈ میں درپیش چیلنجز سمیت دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ کسی بھی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور بلا امتیاز انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو ریکارڈ کی باقاعدہ انسپکشن کو یقینی بنایا جائے، جبکہ جعلی ریکارڈ سامنے آنے کی صورت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ عدالتی مقدمات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اور مقررہ وقت پر رپورٹس عدالت میں جمع نہ کرانے کی صورت میں متعلقہ مختیارکار کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام افسران اور ملازمین وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں، دفاتر میں باقاعدہ حاضری دیں اور فیلڈ میں متحرک رہتے ہوئے عوام کے مسائل خود سنیں تاکہ فوری اقدامات کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ ریونیو معاملات کو شفاف اور بروقت نمٹایا جائے تاکہ عوام کو سرکاری دفاتر کے غیر ضروری چکروں سے بچایا جا سکے۔ کرپشن میں ملوث اور فرائض سے غفلت برتنے والے افسران و ملازمین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس کے علاوہ بازاروں کے دورے کرکے تجاوزات کے خاتمے اور اشیائے ضروریہ کی فروخت پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر میں نصب آر او پلانٹس کا سات روز کے اندر دورہ کرکے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی، تاکہ ان کو فعال بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔ اجلاس کے دوران اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیارکارز نے دفاتر کی خستہ حالی اور دیگر درپیش مسائل سے آگاہ کیا، جس پر ڈپٹی کمشنر نے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔