کمشنر سکھر ڈویژن کی زیر صدارت ڈویژنل ٹاسک فورس کا اہم اجلاس منعقد
کمشنر سکھر ڈویژن کی زیر صدارت ڈویژنل ٹاسک فورس کا اہم اجلاس منعقد
کمشنر کی جانب سے پولیو مہم کی مائیکرو پلاننگ اور تربیتی خامیوں پر اظہارِ تشویش
جن ایف ایل ڈبلیو تربیتی سیشنز میں ایس او پیز پر عمل نہیں ہوا، وہاں دوبارہ معیاری گائیڈ لائنز کے مطابق منعقد کیے جائیں، کمشنر سکھر کی ہدایت
آئندہ پولیو مہم میں ڈویژن بھر کے 12 لاکھ 69 ہزار 379 پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے، اجلاس کو بریفنگ
مقررہ ہدف کے حصول کے لیے 4 ہزار 4 سو 68 فکسڈ، ٹرانزٹ و موبائل ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں، بریفنگ
سکھر(بیورورپورٹ) کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی کی زیر صدارت ڈویژنل ٹاسک فورس کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں نمائندہ ڈبلیو ایچ او برائے پولیو مہم ڈاکٹر جمیل احمد و دیگر نے شرکت کی اور فروری میں منعقدہ آئندہ پولیو مہم کے متعلق اعداد و شمار کی روشنی میں تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں وڈیو لنک کے ذریعے ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان، ڈپٹی کمشنر خیرپورمیرس الطاف احمد چاچڑ، ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی، ضلعی صحت افسران، پی پی ایچ آئی کے آر ڈی اور ڈی ایس ایم کے علاوہ ڈسٹرکٹ ٹاسک فورس اور ڈی ای او سی کے شراکت داروں نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی صحت افسران نے ضلع وار مہم کی صورتحال پر بریفنگ دی، اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ آئندہ ماہ کی پولیو مہم میں ڈویژن بھر میں 5 سال سے کم عمر کے 12 لاکھ 69 ہزار 379 بچوں کو پولیو سے حفاظتی قطرے پلانے کا مقررہ ہدف ہے، بچوں کے مقررہ ہدف کے حصول کے لیے 4 ہزار 4 سو 68 فکسڈ، ٹرانزٹ و موبائل ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں۔اجلاس میں کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی نے ویکسینیشن مہمات کی تیاری اور عمل درآمد سے متعلق سنگین خامیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا، انہوں نے مائیکرو پلاننگ کے مسائل، ایف ایل ڈبلیوز (فیلڈ ورکرز) کی تربیت کے ناقص معیار، موٹیویشنل سیشنز کے انعقاد نہ ہونے اور ایریا انچارجز (اے آئی سیز) کی طرف سے آپریشنل شیٹس پر ضروری بات چیت کے لیے 15 منٹ پر مبنی مختصر پری ٹریننگ اجلاس نہ کرنے پر ناراضی کا اظہار کیا۔کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی نے اجلاس کو ہدایت کی کہ نئے بھرتی ہونے والے یونین کونسل میڈیکل آفیسرز (یو سی ایم اوز) کے علاقوں میں سپورٹ ٹیمز کو فوری تعینات کیا جائے تاکہ وہ مہم کے دوران انہیں مکمل آپریشنل معاونت فراہم کر سکیں۔ انہوں نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ انتظامی اور گھریلو ہدف میں تفریق رونما ہونے والی یونین کونسلوں پر فوری توجہ دی جائے، بالخصوص یو سی خانپور جہاں تا حال گھریلو ہدف کو آئی ڈی آئی ایم ایس پلاننگ میں درج نہیں کیا جا سکا، نیز سکھر ضلع میں نیو سکھر، روہڑی، پنو عاقل، سکھر سٹی اور صالح پٹ میں بھی اسی قسم کی بے ضابطگیوں کا نوٹ کی گئی ہیں۔ کمشنر سکھر نے ہدایت کی کہ اسکولوں پر نگرانی کو اولین ترجیح دی جائے اور اسکولوں کو خاص مانیٹرز کے حوالے کیا جائے تاکہ بہتر نگرانی کے ساتھ تمام بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنایا جا سکے، انہوں نے ای پی آئی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی تاکہ زیرو ڈوز بچوں، بالخصوص پانچ سال سے زیادہ عمر کے بچوں کی مناسب ریکارڈنگ اور ویکسینیشن کو یقینی بنایا جا سکے۔کمشنر سکھر نے کہا کہ جن ایف ایل ڈبلیو تربیتی سیشنز میں معیاری آپریشنل طریقہ کار (ایس او پیز) پر عمل نہیں کیا گیا، وہ دوبارہ معیاری گائیڈ لائنز کے مطابق منعقد کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ درکار معلومات کے جائزے کے سوال نامے میں جوابات جمع کرانے کی شرح 10 فیصد سے بھی کم رہی،جو کہ نہایت ہی کم درجہ ہے، لہٰذا مطلوب تمام معلومات ترجیحی بنیاد پر جمع کرائی جائے۔اجلاس میں شریک متعلقہ افسران نے خامیوں کو دور کرنے اور جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔