سکھر/خیرپور (بیورو رپورٹ)ڈی آئی جی سکھر/لاڑکانہ رینج ناصر آفتاب کی زیرِ قیادت سکھر اور خیرپور
سکھر/خیرپور (بیورو رپورٹ)ڈی آئی جی سکھر/لاڑکانہ رینج ناصر آفتاب کی زیرِ قیادت سکھر اور خیرپور اضلاع میں پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔ کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں، بھتہ خوروں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مؤثر حکمتِ عملی کے تحت پولیس نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، جن کے نتیجے میں دو سہولت کار گرفتار جبکہ ایک انتہائی خطرناک ڈاکو نے خود کو قانون کے حوالے کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ناصر آفتاب کی کمانڈ میں ایس ایس پی خیرپور ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو اور ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل کی سربراہی میں خیرپور اور سکھر پولیس نے مشترکہ اور ٹارگیٹڈ کارروائیاں کیں۔ خیرپور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈاکوؤں کے نام پر شہریوں، تاجروں اور اقلیتی برادری کے افراد سے بھتہ وصول کرنے، ڈاکوؤں کے علاج معالجے اور انہیں اسلحہ فراہم کرنے میں ملوث دو سہولت کاروں، زاہد شاہ اور محمد عابد سولنگی کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف باقاعدہ مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔دوسری جانب سکھر پولیس کی جانب سے بھاگڑجی کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن کے دباؤ کے باعث اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری، پولیس مقابلوں، قتل اور اقدامِ قتل سمیت سات سنگین مقدمات میں مطلوب خطرناک ڈاکو باغ علی عرف باغوں جتوئی نے خود کو سرنڈر کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کر دیا۔پولیس حکام کے مطابق ان کامیاب کارروائیوں کے دوران سندھ رینجرز اور وفاقی سول حساس اداروں کی مکمل معاونت حاصل رہی، جس سے آپریشن کو مؤثر بنانے میں مدد ملی۔ڈی آئی جی لاڑکانہ/سکھر رینج ناصر آفتاب نے ان کامیاب کارروائیوں پر ایس ایس پی خیرپور اور ایس ایس پی سکھر کو شاباش دی اور آپریشن میں حصہ لینے والی پولیس ٹیموں کے لیے تعریفی اسناد دینے کے احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے مکمل خاتمے تک پولیس آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔