امریکی سفارت خانے کے وفد کا سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کا دورہ
امریکی سفارت خانے کے وفد کا سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کا دورہ
سکھر(بیورورپورٹ)سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کو 27 جنوری 2026 کو امریکی سفارت خانے کے ایک وفد کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا۔ وفد میں مسٹر پیٹر میک شاری، پولیٹیکل اینڈ اکنامک سیکشن چیف، امریکی سفارت خانہ، اور مسٹر سلمان، پبلک ڈپلومیسی سیکشن، امریکی قونصلیٹ کراچی شامل تھے۔معزز مہمانوں کا سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ نے سینئر فیکلٹی اراکین کے ہمراہ پرتپاک استقبال کیا۔ دورے کا باضابطہ آغاز بورڈ روم میں تعارفی نشست سے ہوا، جس کے بعد ڈاکٹر شیر محمد دادپوتہ، ڈین فیکلٹی آف سائنس اینڈ آئی ٹی نے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی پر ایک جامع پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے یونیورسٹی کی تعلیمی ترقی، تحقیقی سرگرمیوں، کمیونٹی انگیجمنٹ اور امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ کامیاب شراکت داری کو اجاگر کیا، جسے بین الاقوامی تعاون اور مؤثر شراکت کی ایک نمایاں مثال کے طور پر پیش کیا گیا۔بعد ازاں، ڈاکٹر الکریم دتو، اسسٹنٹ پروفیسر، ڈیپارٹمنٹ آف ایجوکیشن نے وفد کو STEM-Powered Learning Project کی پیش رفت اور اثرات سے آگاہ کیا۔ یہ یو ایس اے فنڈڈ منصوبہ دسمبر 2024 میں وینڈربلٹ یونیورسٹی کے پیباڈی کالج نے Beyond the Classroom Education (BTCE) اور سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے اشتراک سے شروع کیا تھا۔ اس منصوبے کا مقصد اساتذہ اور طلبہ کے لیے پیشہ ورانہ تربیت، ٹریننگ پروگرامز اور تعلیمی مداخلتوں کے ذریعے STEM تعلیم کو مضبوط بنانا ہے۔ اس منصوبے کے تحت سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے چھ فیکلٹی ممبران نے وینڈربلٹ یونیورسٹی، نیش وِل میں منعقدہ ایک بین الاقوامی اجتماع میں بھی شرکت کی۔دورے کے اختتام پر وفد کو یادگاری تحائف اور روایتی اجرک پیش کی گئیں اور گروپ فوٹوگرافی کی گئی۔ بعد ازاں مہمانوں نے نالج سینٹر بلڈنگ کا دورہ کیا جہاں فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی جانب سے پیش کردہ مسئلہ جاتی (Problem-of-Practice) پوسٹر پریزنٹیشنز پر مشتمل گیلری واک میں شرکت کی، جو حقیقی دنیا کے مسائل کے لیے تحقیقی اور اختراعی حل کی عکاس تھیں۔ وفد نے یونیورسٹی کی فیبریکیشن لیبارٹری (Fab Lab) کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں عملی تعلیمی سہولیات اور طلبہ کی زیرِ قیادت اختراعی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔وفد نے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر فنڈڈ منصوبے کے مؤثر نفاذ کو سراہا اور معیاری تعلیم، استعداد کار میں اضافے اور عالمی تعلیمی روابط کے فروغ میں یونیورسٹی کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔یہ دورہ سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے بین الاقوامی تعاون کے فروغ اور خطے میں STEM تعلیم کی ترقی کے عزم کا مظہر ہے۔