سکھر (بیورو رپورٹ) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (PMA) ضلع سکھر کے انتخابات 2026-2027 میں بھٹائی پینل نے تاریخی اور شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے تمام عہدوں پر بلا مقابلہ کامیابی سمیٹ لی.
سکھر (بیورو رپورٹ) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (PMA) ضلع سکھر کے انتخابات 2026-2027 میں بھٹائی پینل نے تاریخی اور شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے تمام عہدوں پر بلا مقابلہ کامیابی سمیٹ لی. بھٹائی پینل کے مضبوط، منظم اور متفقہ امیدواروں کے مقابلے میں کسی بھی امیدوار کی جانب سے نامزدگی فارم جمع نہ کرائے جانے کے باعث یہ کامیابی PMA سکھر کی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے.
انتخابی نتائج کے مطابق معروف، سینئر اور متحرک طبی رہنما ڈاکٹر ذوالفقار علی سومرو کو صدر منتخب کیا گیا، جن کی قیادت کو ڈاکٹر برادری میں وسیع اعتماد اور عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے. ڈاکٹر ذوالفقار علی سومرو ایک باصلاحیت، وژنری اور اصول پسند شخصیت کے حامل ہیں، جنہوں نے ہمیشہ ڈاکٹروں کے حقوق، طبی شعبے کی بہتری اور عوامی صحت کے فروغ کے لیے عملی جدوجہد کی ہے. ان کی قیادت میں PMA سکھر سے توقع کی جا رہی ہے کہ ادارہ مزید فعال، مضبوط اور مؤثر کردار ادا کرے گا.
اسی طرح صدر منتخب (President Elect) کے عہدے پر ڈاکٹر خوش محمد سوھو بلا مقابلہ منتخب ہوئے، جو ایک تجربہ کار، مخلص اور متحرک ڈاکٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں. ڈاکٹر خوش محمد سوھو کی شمولیت سے تنظیم کو مستقبل میں تسلسل، استحکام اور مزید مضبوط قیادت میسر آئے گی.
دیگر منتخب عہدیداران میں:
سینیئر نائب صدر: ڈاکٹر سید ذوالفقار علی شاہ، نائب صدر: ڈاکٹر شاہ محمد مہر، خواتین نائب صدر: ڈاکٹر صفیہ مقصود، جنرل سیکریٹری: ڈاکٹر بشیر احمد چانڈیو، جوائنٹ سیکریٹری اول: ڈاکٹر کیپٹن نصراللہ سومرو، جوائنٹ سیکریٹری دوم: ڈاکٹر پیر علی ساوند، سوشل سیکریٹری: ڈاکٹر سری چند، فنانس سیکریٹری: ڈاکٹر سریش کمار، پریس سیکریٹری: ڈاکٹر خادم علی منگی
تمام عہدیداران نے بلا مقابلہ کامیابی حاصل کر کے بھٹائی پینل پر ڈاکٹر برادری کے بھرپور اعتماد کو ثابت کر دیا.
انتخابی کامیابی کے بعد ڈاکٹروں اور حامیوں کی جانب سے بھرپور خوشی کا اظہار کیا گیا، نومنتخب عہدیداران کو ہار پہنائے گئے، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور مبارکبادوں کا سلسلہ جاری رہا. اس موقع پر شرکاء نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر ذوالفققار علی سومرو اور ان کی ٹیم PMA سکھر کو ایک فعال، مضبوط اور مؤثر پلیٹ فارم بنانے، ڈاکٹروں کے درپیش مسائل کے حل، سرکاری و نجی شعبے میں طبی سہولیات کی بہتری اور عوامی صحت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کرے گی.
شرکاء کا کہنا تھا کہ بھٹائی پینل کی یہ کامیابی اتحاد، اعتماد اور خدمت کے جذبے کی جیت ہے، اور نئی قیادت PMA سکھر کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے کر جائے گی.
ڈاکٹر ذوالفقار علی سومرو نے اپنی کامیابی کے بعد اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا: “میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ضلع سکھر کے تمام ڈاکٹروں کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے ہم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا. یہ کامیابی صرف میری نہیں بلکہ پوری بھٹائی پینل ٹیم کی کامیابی ہے. ہمارا مقصد PMA سکھر کو ایک مضبوط، فعال اور باوقار پلیٹ فارم بنانا ہے جہاں ہر ڈاکٹر کی آواز سنی جائے گی اور ہر مسئلے کا عملی حل نکالا جائے گا. ہم ڈاکٹروں کے پیشہ ورانہ حقوق کے تحفظ، طبی سہولیات کی بہتری، نوجوان ڈاکٹروں کی رہنمائی اور عوامی صحت کے فروغ کے لیے بھرپور جدوجہد کریں گے. ان شاء اللہ PMA سکھر کو ایک مثالی تنظیم بنایا جائے گا جو نہ صرف ڈاکٹروں بلکہ عوام کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو گی.”