October 13, 2026

سکھر: گل پلازہ سانحہ، ڈی این اے میچ کے بعد جاں بحق محمد اطہر شیخ کی میت ورثا کے حوالے مرحوم کی نمازِ جنازہ سکھر میں ادا، اہلِ خانہ غم سے نڈھال

IMG-20260125-WA0145

سکھر: گل پلازہ سانحہ، ڈی این اے میچ کے بعد جاں بحق محمد اطہر شیخ کی میت ورثا کے حوالے
مرحوم کی نمازِ جنازہ سکھر میں ادا، اہلِ خانہ غم سے نڈھال

سکھر(بیورورپورٹ)کراچی کے گل پلازہ سانحہ میں جاں بحق ہونے والے سکھر کے رہائشی محمد اطہر شیخ کی میت ڈی این اے میچ ہونے کے بعد متعلقہ اداروں نے ان کے ورثا کے حوالے کر دی۔ مرحوم کی میت سکھر منتقل کی گئی، جہاں اللہ والی مسجد میں نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔مرحوم کے اہلِ خانہ کے مطابق محمد اطہر شیخ واقعے سے ایک روز قبل کراچی گئے تھے جبکہ اگلے روز شاپنگ کے دوران افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہلِ خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔نمازِ جنازہ میں مرحوم کے عزیز و اقارب، دوست احباب اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ مرحوم کی ناگہانی موت پر پورا علاقہ سوگ میں ڈوبا ہوا ہے۔ورثا کے مطابق محمد اطہر شیخ کے پسماندگان میں ایک بیوہ، دو بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں، جو اس اندوہناک سانحے کے بعد گہرے صدمے سے دوچار ہیں۔ اہلِ علاقہ اور سماجی حلقوں نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔یاد رہے کہ گل پلازہ میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے نے ملک بھر میں رنج و غم کی فضا قائم کر دی ہے،جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کا عمل ابھی تک جاری ہے۔