November 27, 2026

صنفی بنیادوں پر تشدد کے خاتمے کے لیے 16 روزہ عالمی مہم کا افتتاح کیا گیا۔

IMG-20261127-WA0144

صنفی بنیادوں پر تشدد کے خاتمے کے لیے 16 روزہ عالمی مہم کا افتتاح کیا گیا۔

اس سال مہم کا مرکزی موضوع خواتین اور بچیوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لئے متحد ہوں۔

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن (IHCBA) کی جینڈر مین اسٹریمینگ کمیٹی (Gender Mainstreaming Committee) کے زیرِ اہتمام عالمی مہم ’’صنفی بنیادوں پر تشدد کے خاتمے کے لیے 16 روزہ سرگرمیاں‘‘ کا باقاعدہ افتتاح اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ہال میں کیا گیا۔ اس سال مہم کا مرکزی موضوع ’’خواتین اور بچیوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے متحد ہوں‘‘ (UNITE to End Violence Against Women and Girls) ہے۔اس تقریب کا انعقاد القائم لیگل ایڈ سوسائٹی، اسلام آباد کریسنٹ لائنز کلب (ICLC) اور انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آبزرور (IHRO) پاکستان کے اشتراک سے کیا گیا۔اس موقع پر خواتین کے حقوق کے تحفظ، قانونی آگاہی اور انصاف تک رسائی کو مؤثر بنانے کے لیے تین اہم اقدامات کا باضابطہ آغاز کیا گیا، جن میں جینڈر مین اسٹریمینگ میڈیا وال، جینڈر مین اسٹریمینگ ڈیسک اور جینڈر مین اسٹریمینگ لیگل ایڈ رجسٹر شامل ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد صنفی مساوات کے فروغ، خواتین اور بچیوں کے لیے ادارہ جاتی معاونت کی فراہمی اور مستحق و متاثرہ خواتین کو مفت قانونی معاونت فراہم کرنا ہے۔تقریب کی مہمانِ خصوصی محترمہ افشاں تحسین، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیومن کیپیٹل پاکستان اور سابق چیئرپرسن نیشنل کمیشن آن دی رائٹس آف چائلڈ (NCRC) تھیں۔ تقریب میں سابق وفاقی وزیر سید ناصر گیلانی، ڈاکٹر خالد سولاری، صدر انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آبزرور (IHRO)، سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر اسلام آباد IBA، اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن (IHCBA)، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن (SCBA)، دفتر ایڈووکیٹ جنرل، قانونی برادری اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی ممتاز خواتین وکلاء اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔صدر اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، سید واجد شاہ گیلانی نے اس اہم اقدام کو سراہتے ہوئے صنفی مساوات کے فروغ، انسانی حقوق کے تحفظ اور ہر فرد کے لیے انصاف تک یکساں رسائی یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔سیکرٹری اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، بیرسٹر قاسم نواز عباسی نے ادارہ جاتی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین اور بچیوں کو مؤثر، قابلِ رسائی اور عملی قانونی معاونت کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔سیدہ ردا ای بتول، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان، فنانس سیکرٹری IHCBA، چیئرپرسن جینڈر مین اسٹریمینگ کمیٹی IHCBA، نائب صدر ایسوسی ایشن آف انٹرنیشنل لائرز، اسلام آباد چیپٹر پاکستان، اور چیئرپرسن القائم لیگل ایڈ سوسائٹی نے اپنے خطاب میں اس امر پر زور دیا کہ خواتین کے حقوق کے حوالے سے آگاہی اور وکالت کو محض نعروں اور اعلانات تک محدود رکھنے کے بجائے عملی اور پائیدار ادارہ جاتی اصلاحات میں تبدیل کرنا ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ شروع کیے گئے تینوں اقدامات خواتین اور بچیوں میں قانونی شعور اجاگر کرنے، انصاف تک رسائی آسان بنانے، مستحق خواتین کو مفت (پرو بونو) قانونی خدمات فراہم کرنے اور تشدد و استحصال سے متاثرہ خواتین کو مؤثر ادارہ جاتی معاونت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے صنفی بنیادوں پر تشدد کے خاتمے، بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ، خواتین اور بچیوں کے وقار و سلامتی کو یقینی بنانے اور ایک جامع، مساوی اور منصفانہ نظامِ انصاف کے قیام کے لیے اجتماعی عزم کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ 16 روزہ عالمی مہم 25 نومبر سے 10 دسمبر 2026ء تک جاری رہے گی، جس کا اختتام عالمی یومِ انسانی حقوق کے موقع پر ہوگا۔ اس مہم کا بنیادی مقصد خواتین اور بچیوں کے خلاف ہر قسم کے تشدد اور امتیازی سلوک کے خاتمے کے لیے اجتماعی شعور، ادارہ جاتی تعاون اور عملی اقدامات کو فروغ دینا ہے۔