سکھر و روہڑی کے درمیان دریائے سندھ پر نئے پل کی نوید صاف پانی، سڑکوں اور پلوں سمیت اربوں روپے کے میگا ترقیاتی منصوبے منظور، سید ناصر حسین شاہ
سکھر و روہڑی کے درمیان دریائے سندھ پر نئے پل کی نوید
صاف پانی، سڑکوں اور پلوں سمیت اربوں روپے کے میگا ترقیاتی منصوبے منظور، سید ناصر حسین شاہ
سکھر(بیورورپورٹ)صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے سکھر اور روہڑی کے عوام کو ایک بڑی خوشخبری سناتے ہوئے دریائے سندھ پر سکھر و روہڑی کے درمیان نئے پل کی تعمیر کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے پنوعاقل میں سڑکوں، کچے کے علاقوں میں پلوں، سکھر کے لیے اربوں روپے کے صاف پانی کے منصوبے اور دیگر میگا ترقیاتی اسکیموں کی منظوری کو عوام کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔یہ اعلان پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ سے کراچی میں ان کی رہائش گاہ پر ہونے والی اہم ملاقات کے دوران کیا گیا۔ ملاقات میں سکھر، روہڑی اور ضلع بھر کے عوامی مسائل اور جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سکھر بیراج اور لینس ڈاؤن پل بڑھتے ہوئے ٹریفک کے دباؤ کے باعث ناکافی ہو چکے ہیں، جس کے پیش نظر دریائے سندھ پر سکھر اور روہڑی کے درمیان نئے پل کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت کے تعاون سے اس منصوبے پر جلد عملی کام شروع کیا جائے گا۔ملاقات کے دوران بتایا گیا کہ پنوعاقل کی 7 یونین کونسلز میں سڑکوں کی تعمیر جبکہ کچے کے علاقوں میں ایک علاقے سے دوسرے علاقے تک آمد و رفت کے لیے نئے پلوں کی تعمیر کو ترجیح دی جا رہی ہے، جس سے دیہی آبادی کو سفری سہولیات میسر آئیں گی اور معاشی سرگرمیوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ روہڑی میں کروڑوں روپے کی لاگت سے قائم فلٹر پلانٹ منصوبہ اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور بہت جلد شہر کے بیشتر علاقوں کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی شروع کر دی جائے گی۔ اسی طرح سکھر کے شہریوں کے لیے اربوں روپے کی لاگت سے نئے صاف پانی کے منصوبے پر بھی رواں سال کام کا آغاز کیا جائے گا، جو عوام کے لیے بڑا ریلیف ثابت ہوگا۔امن و امان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اندرونِ سندھ امن و امان کی بحالی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کچے کے علاقوں میں موجود ڈاکو کلچر کا خاتمہ ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے شہروں میں لوٹ مار اور قتل و غارت کے واقعات ناقابلِ برداشت ہیں، جن کی روک تھام کے لیے سندھ پولیس نے مؤثر اور سنجیدہ اقدامات شروع کر دیے ہیں، جن کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ کے باہمی تعاون سے کچے کے علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری ہیں جبکہ حساس اضلاع میں سیکیورٹی کو مزید سخت کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جلد ہی ان علاقوں میں امن و امان کی فضا بحال کر دی جائے گی جو جرائم کے باعث خوف و ہراس کا شکار تھے۔ملاقات میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور سندھ حکومت کی جانب سے سکھر، روہڑی اور ضلع بھر میں اربوں روپے کے میگا ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کو عوام کے لیے بڑی خوشخبری قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ پارٹی قیادت کی خصوصی دلچسپی سے یہ منصوبے جلد عملی شکل اختیار کریں گے۔اس موقع پر کراچی کے گل پلازہ سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار بھی کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر، خصوصاً سکھر اور روہڑی میں فائر بریگیڈ اور ریسکیو اداروں کو جدید آلات سے لیس اور ہمہ وقت تیار رکھنا ناگزیر ہے۔ بلدیاتی اداروں کے دائرہ اختیار میں آنے والے امور پر فوری اقدامات جبکہ دیگر معاملات پر صوبائی حکومت سے سفارشات کی جائیں گی۔ملاقات میں پیپلز پارٹی سٹی روہڑی کے جنرل سیکریٹری عبدالخالق سولنگی بھی موجود تھے۔ آخر میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت، ترقی اور خوشحالی کے ایجنڈے کے تحت سکھر و روہڑی کے مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائے گی۔