سکھر: قریشی گوٹھ میں نوجوان سے ڈکیتی کی کوشش ناکام
سکھر: قریشی گوٹھ میں نوجوان سے ڈکیتی کی کوشش ناکام
نماز کے لیے جاتے ہوئے شہری کو نشانہ بنایا گیا، ایک ڈاکو گرفتار، دو فرار
سکھر (بیورورپورٹ)سکھر کے سائٹ ایریا تھانے کی حدود قریشی گوٹھ میں نوجوان شہری سہیل شیخ سے ڈکیتی کی کوشش کی گئی، تاہم عوامی مزاحمت کے باعث واردات ناکام بنا دی گئی۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سہیل شیخ نماز کی ادائیگی کے لیے گھر سے باہر نکلا تھا۔تفصیلات کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار ہتھیار بند ملزمان نے نوجوان کو روک کر اس سے موبائل فون اور نقد رقم چھیننے کی کوشش کی۔ نوجوان کی چیخ و پکار پر اہلِ محلہ موقع پر جمع ہو گئے، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو کو قابو کر کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔فرار ہونے والے ملزمان اپنی 125 موٹرسائیکل موقع پر چھوڑ گئے، جسے پولیس نے تحویل میں لے لیا۔ گرفتار ڈاکو کی شناخت نوید مہر کے نام سے ہوئی ہے، جس کے قبضے سے پسٹل بھی برآمد کیا گیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ فرار ہونے والے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں ناکہ بندی کر کے تلاش کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد اہلِ علاقہ نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں گشت میں اضافہ کیا جائے تاکہ شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔