October 13, 2026

سکھر: سیپکو کی سنگین غفلت، 11 ہزار وولٹ کی بجلی کی تار گر پڑی

IMG-20260125-WA0133

سکھر: سیپکو کی سنگین غفلت، 11 ہزار وولٹ کی بجلی کی تار گر پڑی
قریشی گوٹھ کے مرکزی چوک میں بڑا حادثہ ٹل گیا، شہریوں میں شدید خوف و ہراس

سکھر (بیورورپورٹ)سکھر میں سیپکو (SEPCO) کی سنگین غفلت ایک بار پھر سامنے آ گئی، جب قریشی گوٹھ کے مرکزی چوک پر بازار کے باہر 11 ہزار وولٹ کی بجلی کی تار اچانک گر پڑی۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔عینی شاہدین کے مطابق گرنے والی ہائی وولٹیج تار سے تقریباً 10 منٹ تک زمین پر آگ کے شعلے بھڑکتے رہے، جس کے باعث مصروف بازار میں موجود شہری خوف کے مارے ادھر اُدھر بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب بازار میں لوگوں کی خاصی تعداد موجود تھی، تاہم یہ ایک معجزہ ہی ہے کہ کوئی شہری تار کی زد میں نہیں آیا۔مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں بجلی کے کھمبے اور تاریں انتہائی خستہ اور کمزور حالت میں ہیں۔ شہریوں کے مطابق اس حوالے سے متعدد بار سیپکو حکام کو شکایات درج کروائی گئیں، مگر تاحال کسی قسم کا نوٹس نہیں لیا گیا، جس کے نتیجے میں آج یہ خطرناک واقعہ پیش آیا۔
شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سیپکو فوری طور پر علاقے میں موجود پرانی اور کمزور بجلی کی تاروں اور کھمبوں کو تبدیل کرے تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو مستقبل میں کسی بھی وقت قیمتی جانوں کا ضیاع ہو سکتا ہے۔علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ آئندہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔