الآصف اسکوائر کے قریب غیر قانونی تجاوزات اور پارکنگ، سپر ہائی وے پر شدید ٹریفک جام معمول بن گیا رپوٹ وجئے کمار واسوانی دعا ان لائین نیوز
الآصف اسکوائر کے قریب غیر قانونی تجاوزات اور پارکنگ، سپر ہائی وے پر شدید ٹریفک جام معمول بن گیا
رپوٹ وجئے کمار واسوانی
دعا ان لائین نیوز
کراچی بھر میں غیر قانونی پارکنگ اور سڑکوں پر قائم تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، تاہم سپر ہائی وے پر واقع الآصف اسکوائر، نزد غوثیہ شینواری ریسٹورنٹ، تاحال انتظامیہ کی عدم توجہی کا شکار ہے۔
ذرائع کے مطابق اس مصروف مقام پر غیر قانونی پتھاروں اور بے ہنگم پارکنگ کے باعث سپر ہائی وے پر آئے روز شدید ٹریفک جام معمول بن چکا ہے، جس سے نہ صرف شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے بلکہ طویل قطاریں بننے کے باعث ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ نے اس مقام کو بدانتظامی کی واضح مثال بنا دیا ہے، جس سے شہر کی خوبصورتی متاثر ہو رہی ہے۔ شہریوں کے مطابق یہ صورتحال اسٹریٹ کرائم میں ملوث عناصر کے لیے بھی سازگار ثابت ہو رہی ہے، جو ٹریفک جام کا فائدہ اٹھا کر آسانی سے فرار ہو جاتے ہیں۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک پولیس، ضلعی انتظامیہ اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) فوری نوٹس لیتے ہوئے الآصف اسکوائر اور غوثیہ شینواری ریسٹورنٹ کے اطراف سے تمام تجاوزات کا خاتمہ کریں، غیر قانونی پارکنگ کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائیں اور سپر ہائی وے پر ٹریفک کی روانی بحال کی جائے۔