مستقل تجاوزات کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے۔کمشنر مردان ڈویژن
مستقل تجاوزات کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے۔کمشنر مردان ڈویژن
شہری علاقوں کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے پہلے مرحلے میں کارروائی کی جائے۔کمشنر مردان ڈویژن سید محمد علی شاہ
مردان(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق کمشنر مردان ڈویژن سید محمد علی شاہ نے مستقل تجاوزات کے مکمل خاتمے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس ضمن میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں شہری علاقوں کو تجاوزات سے پاک کیا جائے گا، جبکہ ریڑھی بانوں سمیت ایسے محنت کش افراد، جن کا روزگار عارضی تجاوزات سے وابستہ ہے، کے لیے قابلِ عمل حل تلاش کیا جائے تاکہ ان کے روزگار کو نقصان پہنچائے بغیر ٹریفک کی روانی بھی برقرار رکھی جا سکے۔
یہ ہدایات انہوں نے کمشنر افس مردان میں تجاوزات کے خاتمے، سڑکوں کی بہتری، شہری خوبصورتی اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے)، خیبر پختونخوا ہائی وے اتھارٹی (پی کے ایچ اے)، سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل)، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے)، محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔
کمشنر نے این ایچ اے، پی کے ایچ اے اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ اپنی متعلقہ سڑکوں کی حدود کی واضح نشاندہی اور ڈیمارکیشن یقینی بنائیں تاکہ انتظامیہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے مؤثر کارروائی کر سکے۔ انہوں نے سڑکوں پر نصب غیر قانونی بل بورڈز ایک ہفتے کے اندر ہٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہری علاقوں کی خوبصورتی اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والے عوامل کا خاتمہ ضروری ہے۔کمشنر نے سڑکوں کے درمیان موجود گڑھوں کی مرمت، سینٹر میڈین کی صفائی، رنگ و روغن اور تزئین و آرائش کے ساتھ سڑکوں کے کناروں سے گندگی ہٹانے اور انہیں خوبصورت بنانے کے اقدامات کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے مردان شہر کے فلائی اوورز کی خوبصورتی پر خصوصی توجہ دینے اور تزئین و آرائش کے بعد ان کی باقاعدہ دیکھ بھال اور نگرانی یقینی بنانے پر زور دیا۔اجلاس میں سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ کے حکام نے کمشنر کو شہر میں جاری ترقیاتی کاموں، بالخصوص نکاسی آب کے نظام سے متعلق منصوبوں پر بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ چھ یونین کونسلوں میں ڈرینج سسٹم کی بہتری کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے، جن میں سے تین یونین کونسلوں میں کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ باقی علاقوں میں کام جاری ہے۔ منصوبے پر عمل درآمد کے دوران بعض تکنیکی مسائل بھی سامنے آئے ہیں۔کمشنر سید محمد علی شاہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان تکنیکی مسائل کو متعلقہ محکموں کے باہمی تعاون سے فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جا سکے اور شہریوں کو نکاسی آب کی بہتر سہولیات میسر آئیں۔انہوں نے ایس این جی پی ایل کے حکام کو بھی ہدایت کی کہ گیس پائپ لائنوں کی تنصیب کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ مؤثر رابطہ اور باہمی مشاورت برقرار رکھی جائے تاکہ ترقیاتی کاموں کے دوران سڑکوں اور شہری انفراسٹرکچر کو نقصان نہ پہنچے اور شہر کی خوبصورتی متاثر نہ ہو۔
کمشنر مردان ڈویژن نے تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ باہمی رابطے، مؤثر حکمت عملی اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں تاکہ تجاوزات کے خاتمے، سڑکوں کی بہتری، صفائی ستھرائی اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ذریعے مردان شہر کو صاف ستھرا، خوبصورت اور شہریوں کے لیے زیادہ سہل بنایا جا سکے۔