نئے سی ای او ایجوکیشن خوشاب محمد عیسیٰ لالی کا پرتپاک استقبال، تعلیم کے فروغ کی نئی امید خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف
نئے سی ای او ایجوکیشن خوشاب محمد عیسیٰ لالی کا پرتپاک استقبال،
تعلیم کے فروغ کی نئی امید
خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف
ضلع خوشاب کے تعلیمی حلقوں میں اُس وقت خوشی اور اُمید کی لہر دوڑ گئی جب ممتاز ماہر تعلیم ، اعلی ا منتظم جناب محمد عیسیٰ لالی نے بطور نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایجوکیشن خوشاب اپنے عہدے کا چارج سنبھالا۔ ان کی آمد پر ایکس سی ای او ایجوکیشن خوشاب رانا شبیر احمد صابری ، ڈی ای او سیکنڈری محمد یاسین ساجد ، ڈی ای او ایلیمنٹری سکولز خوشاب فیض الحسن ملک ، ڈپٹی ڈی ای او تحصیل نورپورتھل ظہیر عباس بھٹی ، ڈپٹی ڈی ای او تحصیل خوشاب ملک قیصر عباس کھارا ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملک شاہد اقبال ، محکمہ تعلیم کے دیگر افسران، اساتذہ کرام، تعلیمی ماہرین اور سول سوسائٹی کی جانب سے جس گرمجوشی اور خلوص کے ساتھ استقبال کیا گیا، وہ اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ جناب محمد عیسیٰ لالی ایک خوشنام، تجربہ کار اور وژنری تعلیمی منتظم کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
سی ای او ایجوکیشن آفس خوشاب میں منعقدہ استقبالیہ تقریب نہایت سادہ مگر پُروقار تھی۔ اس موقع پر افسران اور اساتذہ کرام نے محمد عیسیٰ لالی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کرتے ہوءے خوش آمدید کہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں ضلع خوشاب کا تعلیمی نظام مزید بہتری کی راہ پر گامزن ہو گا۔ شرکاء نے کہا کہ جناب محمد عیسیٰ لالی کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں، انتظامی تجربہ اور تعلیمی شعبے سے مخلصانہ وابستگی اُنہیں مزید شاندار کامیابیوں سے ہمکنار کرے گی۔
جناب محمد عیسیٰ لالی نے اس اعتماد اور محبت پر افسران محکمہ ءتعلیم ضلع خوشاب اور اساتذہ کرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے اور اس شعبے میں بہتری ان کی اولین ترجیح ہو گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اساتذہ کرام کی عزت و وقار، تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط، معیارِ تعلیم کی بہتری اور طلبہ کی ہمہ جہتی تعلیم و تربیت کے لیے تمام دستیاب وسائل بھرپورطریقے سے بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ ٹیم ورک پر یقین رکھتے ہیں اور محکمہ تعلیم کے تمام افسران و اساتذہ کرام کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ درپیش مسائل کا حل باہمی مشاورت، شفاف فیصلوں اور عملی اقدامات سے ممکن ہے۔ محمد عیسیٰ لالی کی گفتگو میں عزم، سنجیدگی اور مثبت سوچ نمایاں تھی جس نے حاضرین کو متاثر کیا۔
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ ضلع خوشاب کو ایسے وقت میں محمد عیسیٰ لالی جیسے قابل افسر کی قیادت نصیب ہوئی ہے جب یہ ضلع تیزی سے تعلیمی میدان میں ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔ تاہم ان کی صلاحیتوں اور وژن کو دیکھتے ہوئے یہ توقع کی جا رہی ہے کہ وہ خوشاب کو تعلیمی میدان میں ایک مثالی ضلع بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔
بلاشبہ، نئے سی ای او ایجوکیشن جناب محمد عیسیٰ لالی کا پرتپاک استقبال اس بات کی علامت ہے کہ تعلیمی برادری اُن کی تعیناتی کا دلی خیرمقدم کرتی ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالی ا ان کی قیادت میں ضلع خوشاب کو تعلیمی میدان میں مزید شاندار کامیابیوں سے ہمکنار کریں۔ آمین