October 28, 2026

سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی محکمہ ایکسائز سندھ کی رواں سال کی سب سے بڑی منشیات مخالف کارروائی

IMG-20260121-WA0264

سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی
محکمہ ایکسائز سندھ کی رواں سال کی سب سے بڑی منشیات مخالف کارروائی
خفیہ اطلاع پر دو مرحلوں میں کارروائی، گاڑی اور گودام سے 266 کلو 950 گرام آئس اور 60 کلوگرام ہیروئن برآمد
برآمد منشیات کی بین الاقوامی مالیت 3 سے 4 ارب روپے، صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ

محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ نے رواں سال کی سب سے بڑی منشیات مخالف کارروائی کرتے ہوئے منشیات اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ خفیہ اطلاع پر کی گئی اس کارروائی کے دوران گاڑی اور گودام سے مجموعی طور پر 266 کلو 950 گرام آئس اور 60 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی، جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت 3 سے 4 ارب روپے بتائی جا رہی ہے۔اس حوالے سے صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ نے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ نارکوٹکس کنٹرول ونگ ضلع غربی کی ٹیم نے انتہائی مہارت، منصوبہ بندی اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس بڑی اسمگلنگ کو ناکام بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی دو مرحلوں میں مکمل کی گئی۔صوبائی وزیر کے مطابق پہلی کارروائی حب چوکی کے مقام پر کی گئی، جہاں ٹویوٹا پک اپ ریوو نمبر LB-8950 کو روک کر تلاشی لی گئی۔ گاڑی کے خفیہ خانوں میں بڑی مہارت سے چھپائی گئی 240 کلو 350 گرام آئس اور 60 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ اس کارروائی کے دوران ملزم عارف اقبال ولد شاہ محمد کو گرفتار کر لیا گیا۔مکیش کمار چاولہ نے بتایا کہ دوسری کارروائی گرفتار ملزم کی نشاندہی پر گارڈن ویسٹ کے علاقے میں واقع ایک گودام میں کی گئی، جہاں لنڈے کے کپڑوں کی بوریوں میں خفیہ طریقے سے چھپائی گئی مزید 26 کلو 600 گرام آئس برآمد کر لی گئی۔ یوں مجموعی طور پر برآمد ہونے والی منشیات کی مقدار 266 کلو 950 گرام آئس اور 60 کلوگرام ہیروئن تک جا پہنچی۔صوبائی وزیر ایکسائز نے کہا کہ پکڑی گئی منشیات کی یہ کھیپ لاکھوں افراد کے استعمال کے لیے کافی تھی، جسے بروقت کارروائی کے ذریعے بازار تک پہنچنے سے روک دیا گیا۔ انہوں نے اس کامیاب کارروائی پر نارکوٹکس کنٹرول ونگ ضلع غربی کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔مکیش کمار چاولہ نے مزید بتایا کہ منشیات اسمگلنگ میں ملوث گروہ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے مزید تفتیش جاری ہے اور جلد مزید اہم پیش رفت متوقع ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ حکومت معاشرے سے منشیات اور منشیات فروشوں کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے تحت ایسی کارروائیاں آئندہ بھی بلاامتیاز جاری رہیں گی۔