October 28, 2026

دیر آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کا سالانہ جنرل باڈی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔

IMG-20260121-WA0218

دیر آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کا سالانہ جنرل باڈی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر تین سالہ انتخابات بھی ہوئے، سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محب اللہ نے نو منتخب کابینہ سے حلف بھی لیا۔

پشاور(نمائندہ فاطمہ جعفر)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق دیر آفیسرز ویلفئیر ایسوسی ایشن کا سالانہ جنرل باڈی اجلاس پشاور پیراپلیجیک سنٹر کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا جس میں دیر سے تعلق رکھنے والے افسران اور سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں ایسوسی ایشن کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ پیش کیا گیا، رنگا رنگ مشاعرہ ہوا، نئی کابینہ کیلئے انتخابات ہوئے اور نو مُنتخب عُہدیداران سے حلف لیا گیا۔ نومنتخب عہدیداروں میں صدر ڈاکٹر الیاس سید، نائب صدور انجنئیر قاضی محمد نعیم، ڈاکٹر عبدالواحد اور شریف احمد، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر کرم الہی، جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر عرفان اللہ، فنانس سیکرٹری انجنئیر ڈاکٹر خالد رحمن، کوارڈینیشن سیکرٹری انجنئیر ڈاکٹر خان شہزادہ، ایگزیکٹیو ممبران ڈاکٹر اباسین یوسفزئی، ڈاکٹر عبدالحمیدجان، رشیدخان پائندہ خیل، انجنئیر عزیز احمد، پروفیسر فلک ناز، محمد الیاس حسن، میاں عزیز احمد اور ڈاکٹر عاقب جاوید شامل ہیں۔ ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹرالیاس سید نے ایسوسی ایشن کے اغراض و مقاصد سمیت مختلف فلاحی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ مُخئیر حضرات کی اعانت سے معاشرے کے محروم اور پِسے ہوئے طبقے خاص کر یتیموں، معذوروں، بیواوں اور نادار طلبہ کی مالی امداد کا کام جاری و ساری رہے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پچھلے کئی سالوں کے دوران ہزاروں افراد میں امدادی رقوم اور اشیاء کی تقسیم کے ساتھ ساتھ مستحق طلبہ کے پیشہ ورانہ تعلیمی اداروں میں داخلوں اور نادار بیماروں کی ہر طرح کی مالی اور دیگر حوالوں سے مدد کی گئی۔ ان کاوشوں کا سہرا جہاں ایسوسی ایشن کے ممبران کے علاؤہ اُن مُخئیر حضرات کو بھی جاتا ہے جنہوں نے دل کھول کر اس کارخیر میں ایسوسی ایشن کا ساتھ دیا۔ بعد ازاں ایسوسی کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محب اللہ خان نے نو منتخب کابینہ سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے پیٹرن ان چیف مُلک کے نامور ای این ٹی سپیشلسٹ ڈاکٹر محب اللہ خان نے تمام عُہدیداران اور ڈونرز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے خلق خدا کی بے لوث خدمت کا بیڑا اُٹھایا اور اس اُمید کا اظہار کیا کہ دیر کے عوام کی خدمت اور ملکی ترقی میں ایسوسی ایشن اسی طرح اپنا کردار ادا کرتا رہے گی۔ اس موقع پر دیر سے تعلق رکھنے والے پشتو کے معروف شعرا نے اپنے منظوم کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔ مشاعرے کی صدارت اباسین یوسفزئی نے کی جبکہ بخت زادہ دانش نے میزبانی کے فرائض انجام دیئے۔ بُلبلِ میدان نورالہی تیمور نے ایسوسی ایشن کے سابق صدر ڈاکٹر شمس مرحوم کو منظوم خراج عقیدت پیش کیا جسے شرکاء نے بیحد سراہا۔ دیگر شُعرا میں ساجد افغان، شفیق حیران اور مُسلم خان وصال شامل ہیں۔ ڈاکٹر محب اللہ خان نے شُعراء کو اعزازی شیلڈ دئیے۔ اجلاس کا اختتام اُستاد الاساتذہ ڈاکٹر صاحب اسلام نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے دُعا سے کیا۔