سکھر (بیورورپورٹ)میئر سکھر اور ترجمان حکومتِ سندھ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی وزیرِ اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے ہیومن سیٹلمنٹ اینڈ کچی آبادی سید
سکھر (بیورورپورٹ)میئر سکھر اور ترجمان حکومتِ سندھ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی وزیرِ اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے ہیومن سیٹلمنٹ اینڈ کچی آبادی سید نجمی عالم سے سکھر میں ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں سندھ بالخصوص سکھر کی کچی آبادیوں میں رہائش پذیر شہریوں کے دیرینہ رہائشی مسائل اور ان کے پائیدار حل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ یہ ملاقات چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وژن اور ہدایات کے عین مطابق قرار دی گئی۔ملاقات کے دوران میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے بتایا کہ سکھر میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد کچی آبادیوں میں مقیم ہیں جو برسوں سے اپنی چھت کے قانونی اور مالکانہ حق سے محروم چلے آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ سندھ اس سنگین مسئلے کو سنجیدگی سے حل کر رہی ہے اور مرحلہ وار بنیادوں پر کچی آبادیوں کو قانونی حیثیت دے کر طے شدہ معیار پر پورا اترنے والی آبادیوں کے مکینوں کو بلا معاوضہ لیز اور مالکانہ حقوق فراہم کیے جائیں گے، تاکہ شہری بلا خوف و خطر اور باعزت انداز میں اپنے گھروں میں رہ سکیں۔
ملاقات میں سکھر کی نوٹیفائیڈ اور غیر نوٹیفائیڈ کچی آبادیوں کی موجودہ صورتحال، قانونی حیثیت اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ نوٹیفائیڈ کچی آبادیوں میں نصرت کالونی نمبر 1 تا 4، مخدوم جمانی، آدم شاہ کالونی، شاہ فیصل، بشیرآباد، میر بہار کالونی، اسلام نگر کالونی، بھٹائی نگر کالونی، عیدگاہ کالونی اور سومر شاہ کالونی شامل ہیں۔ جبکہ غیر نوٹیفائیڈ کچی آبادیوں میں وسپور کالونی، بابن شاہ کالونی، ایگزیبیشن کالونی، نصرت کالونی نمبر 5 اور 6، مکی شاہ کالونی، کمبھار پاڑا، ملٹری کوارٹر، ریجنٹ کالونی، نیو گوٹھ، شمس آباد کالونی، پاک کالونی، نیو پند کالونی E-12، کان نمبر 18 اور 19، پولیس ہیڈ کوارٹر کا علاقہ اور گول ٹکری بھوسہ لائن شامل ہیں۔
اسی طرح پاکستان ریلوے کی حدود میں واقع نوٹیفائیڈ اور غیر نوٹیفائیڈ کچی آبادیوں کی صورتحال پر بھی تفصیلی غور کیا گیا، جن میں نیو پنڈ کالونی، نصرت کالونی، ملٹری کالونی/کنگ ہل، نیو گوٹھ کالونی، گول ٹکری کے مختلف حصے، آدم شاہ کالونی، سومر شاہ کالونی، ریجنٹ کالونی اور فریک ہل شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پہلے سے نوٹیفائیڈ اور لیز شدہ کچی آبادیوں، جن میں شاہ خالد کالونی، بشیرآباد کالونی، راجو مل مارواڑی گوٹھ، شیخ کالونی، پیر مکی شاہ، کٹپر محلہ، مہدی جو پیر اور ڈنگہ ٹکری سنجرانی محلہ شامل ہیں، کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے ہیومن سیٹلمنٹ اینڈ کچی آبادی سید نجمی عالم نے کہا کہ حکومتِ سندھ کچی آبادیوں کے مکینوں کو صرف رہائش نہیں بلکہ قانونی تحفظ، مالکانہ حقوق اور باوقار شہری شناخت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ جو کچی آبادیاں طے شدہ قانونی اور تکنیکی معیار پر پورا اتریں گی، انہیں بلا تاخیر نوٹیفائی کر کے لیز جاری کی جائے گی، جبکہ دیگر آبادیوں کے معاملات بھی مرحلہ وار حل کیے جائیں گے۔سید نجمی عالم نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ این او سیز، ریکارڈ کی تکمیل اور دیگر قانونی تقاضوں کے عمل میں تیزی لائی جائے تاکہ عوام کو برسوں سے درپیش مسائل کا فوری اور مستقل حل ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سکھر سمیت سندھ بھر میں کچی آبادیوں کے مکینوں کو بنیادی سہولیات، انفراسٹرکچر اور شہری سہولتوں کی فراہمی حکومتِ سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ، منتخب نمائندگان اور وفاقی اداروں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ پیش رفت کی جائے گی۔میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے مزید کہا کہ سید نجمی عالم کی سکھر آمد کا مقصد اسی عمل میں تیزی لانا اور تمام سرکاری مراحل جلد مکمل کرانا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی قیادت، منتخب نمائندگان اور متعلقہ افسران کی مشترکہ کوششوں اور مؤثر کوآرڈینیشن کے ذریعے کچی آبادیوں کی نوٹیفکیشن اور لیزنگ کا عمل مکمل کیا جائے گا، تاکہ سکھر کے عوام کو ان کا جائز اور قانونی حق مل سکے۔ملاقات کے اختتام پر اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ حکومتِ سندھ، ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے کچی آبادیوں کے مکینوں کو بااختیار بنانے، ان کے رہائشی مسائل کے مستقل حل اور انہیں باوقار شہری حقوق فراہم کرنے کے لیے بھرپور اور تسلسل کے ساتھ اقدامات جاری رکھیں گے۔