پاک فضائیہ کا دستہ کثیر ملکی فضائی جنگی مشق “اسپیئرز آف وکٹری-2026” میں شرکت کے لیے سعودی عرب کے کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پہنچ گیا ہے
پاک فضائیہ کا دستہ کثیر ملکی فضائی جنگی مشق “اسپیئرز آف وکٹری-2026” میں شرکت کے لیے سعودی عرب کے کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پہنچ گیا ہے۔ اس دستے میں جدید ایف-16 بلاک 52 جنگی طیاروں کے ساتھ فضائی و زمینی عملہ بھی شامل ہے، جو طویل فاصلے کی نان اسٹاپ پرواز کے ذریعے مشق میں شرکت کے لیے پہنچا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مشق پاکستان سمیت دس ممالک کی فضائی افواج پر مشتمل ہے، جس میں جدید الیکٹرانک وارفیئر آپریشنز پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
اس مشق میں پاک فضائیہ کی شرکت علاقائی اور عالمی سطح پر عسکری تعاون کے عملی مظاہرے کے ساتھ اس کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کی عکاسی کرتی ہے۔ ایف-16 بلاک 52 طیاروں کے ذریعے پاک فضائیہ نے اپنی جدید جنگی صلاحیتوں کا مؤثر بین الاقوامی اظہار کیا ہے، جبکہ یہ کثیر ملکی مشق علاقائی سلامتی کے فروغ، دفاعی تعاون کے استحکام اور مشترکہ جنگی تربیت کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہو رہی ہے۔