سرگودھا( راجہ نورالہی عااطف سے ) ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس سرگودھا خالد حسین تارڑ نے کہا ہے کہ پولیس نامساعد حالات کے باوجود شہریوں کی
سرگودھا( راجہ نورالہی عااطف سے ) ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس سرگودھا خالد حسین تارڑ نے کہا ہے کہ پولیس نامساعد حالات کے باوجود شہریوں کی خدمت میں کوشاں ہے۔ پولیس کی قربانیاں لازوال ہیں۔ موجودہ حالات میں پولیس کا ہر سپاہی اپنے محاذ پر چوکنا ہے۔ لاتعداد شہادتوں کے باوجود پولیس کے حوصلے خدمت کے لیے بلند ہیں۔ امن قائم کرنے کے لیے پولیس کا ہرجوان سر سے کفن باندھے ہوئے ہے۔ ہمیں حسن اخلاق کا مظاہرہ کرنا چاہیے اخلاق سے دل جیتے جاتے ہیں اور حالات بدل سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ریڈیو پاکستان سرگودھا کے پروگرام دانش کدہ میں “قانون اور اخلاق” کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس سے پہلے ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم ،ڈاکٹر سائرہ شفیع، عامر قریشی، محمد علی اور نعمان شفیق نے بھی اظہار خیال کیا۔ڈی ایس پی خالد حسین تارڑ نے مزید کہا کہ عوام الناس حق مانگتے ہیں لیکن فرض ادا نہیں کرتے۔ قومی ترقی کے لیے عوام اور پولیس کو اپنا فرض ادا کرنا چاہیے۔ قانون کا احترام کرنے والی اقوام ہمیشہ بام عروج پر رہتی ہیں۔ اخلاقیات کے فروغ کے لیے پولیس ٹریننگ سنٹر میں مسلسل تعلیم دی جا رہی ہے ۔ڈاکٹرہارون الرشید تبسم نے کہا معاشرے میں ایسے لوگوں کا ہونا بھی ضروری ہے جو پولیس کی کارگزاری کو سراہتے ہوں ۔ پاکستان کے ہر شعبہ زندگی میں پولیس ہمہ وقت کام کرتی ہے۔ محترمہ ڈاکٹر سائرہ شفیع نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا راز تمام شعبہ جات میں روابط ہیں۔ والدین اور اساتذہ کرام کو نسل نو کے لیے رول ماڈل ہونا چاہیے۔ ہمارا مستقبل اسی وقت روشن ہو سکتا ہے جب ہم اپنا فرض ادا کریں۔ احساس ذمہ داری وقت کی اہم ضرورت ہے ۔یہ پروگرام محترمہ فریحہ کنول نے پیش کیا، وقار حیدر پروگرام انجینئر تھے۔