November 17, 2026

ڈی ای او سیکنڈری خوشاب محمد یاسین ساجد کو حسنِ کارکردگی سرٹیفیکیٹ کی عطائیگی خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

IMG-20260120-WA0183

ڈی ای او سیکنڈری خوشاب محمد یاسین ساجد کو حسنِ کارکردگی سرٹیفیکیٹ کی عطائیگی

خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

ضلع خوشاب میں تعلیمی میدان میں مثبت تبدیلیوں، نظم و ضبط اور مؤثر انتظامی حکمتِ عملی کے باعث جوہرآباد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران ایکس سی ای او رانا شبیر احمد صابری اور سی ای او عیسی ا لالی کی طرف سے ڈی ای او سیکنڈری خوشاب محمد یاسین ساجد کو حسنِ کارکردگی سرٹیفیکیٹ سے نوازا جانا ایک خوش آئند اور قابلِ تحسین اقدام ہے۔ یہ اعزاز نہ صرف ان کی شبانہ روز محنت کا اعتراف ہے بلکہ ضلع میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کی کامیاب کوششوں کا عملی ثبوت بھی ہے۔
محمد یاسین ساجد نے بطور ڈی ای او سیکنڈری خوشاب اپنی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط، اساتذہ کرام کی حاضری، طلبہ کی تعلیمی کارکردگی اور اسکولوں کے مجموعی تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی۔ ان کی قیادت میں مانیٹرنگ سسٹم کو مؤثر بنایا گیا، تعلیمی اداروں کے دورے معمول بنائے گئے اور مسائل کے حل کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے گئے۔
خصوصی طور پر سرکاری ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں تعلیمی نتائج میں بہتری، اساتذہ کرام کی پیشہ ورانہ تربیت، طلبہ میں حاضری کی شرح میں اضافہ اور تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ جیسے اقدامات ان کی بہترین حکمتِ عملی کا واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے نہ صرف انتظامی امور کو بہتر انداز میں چلایا بلکہ اساتذہ کو اعتماد میں لے کر ایک مضبوط تعلیمی ٹیم تشکیل دی۔
حسنِ کارکردگی سرٹیفیکیٹ کی عطائیگی اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر نیت خالص، وژن واضح اور قیادت مضبوط ہو تو محدود وسائل کے باوجود بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔ محمد یاسین ساجد کی کارکردگی دیگر تعلیمی افسران کے لیے بھی ایک مثال ہے کہ دیانت داری، محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے تعلیمی نظام میں بہتری ممکن ہے۔
ضلع خوشاب کے تعلیمی، سماجی اور عوامی حلقوں کی جانب سے ڈی ای او سیکنڈری محمد یاسین ساجد کو اس اعزاز پر دلی مبارکباد پیش کی جا رہی ہے اور اس امید کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی اسی جذبے، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ تعلیمی ترقی کے سفر کو آگے بڑھاتے رہیں گے۔ بلاشبہ، ایسے افسران ہی قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہوتے ہیں۔