گل پلازہ شاپنگ مال میں آتشزدگی کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ، قائدِ سندھ علامہ راشد محمود سومرو بیرونِ ملک روانہ، مولانا محمد صالح انڈھڑ قائم مقام مقرر سکهر:
گل پلازہ شاپنگ مال میں آتشزدگی کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ، قائدِ سندھ علامہ راشد محمود سومرو بیرونِ ملک روانہ، مولانا محمد صالح انڈھڑ قائم مقام مقرر
سکهر:
جمعیت علماءِ اسلام سندھ کے صوبائی امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی، صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو اور صوبائی ناظم مولانا عبدالمالک ٹالپر نے گل پلازہ شاپنگ مال کراچی میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے پر قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور کروڑوں روپے کے مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ المناک سانحہ شہری انتظامیہ، متعلقہ اداروں اور فائر سیفٹی نظام کی سنگین ناکامی کا واضح ثبوت ہے اور ایسے بڑے شاپنگ مالز میں حفاظتی انتظامات کی کمی انتہائی افسوسناک نتائج کا باعث بن رہی ہے۔ جے یو آئی رہنماؤں نے کہا کہ جمعیت علماءِ اسلام متاثرہ خاندانوں، زخمیوں اور تاجروں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے، مرحومین کے لواحقین سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہیں۔ رہنماؤں نے واقعے کی فوری، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات، ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی، متاثر تاجروں اور خاندانوں کے مالی نقصان کے فوری اور منصفانہ ازالے اور شاپنگ مالز سمیت تمام عوامی مقامات پر فائر سیفٹی نظام کو مؤثر بنانے کا مطالبہ کیا۔دوسری جانب جمعیت علماءِ اسلام سندھ کے پریس سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری نے کہا ہے کہ جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو بیرونِ ملک دورے پر روانہ ہو گئے ہیں جو 05 فروری 2026 تک جاری رہے گا، ان کی غیر موجودگی میں ڈپٹی جنرل سیکریٹری مولانا محمد صالح انڈھڑ کو جمعیت علماءِ اسلام سندھ کا قائم مقام جنرل سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے جو اس عرصے کے دوران جماعتی و تنظیمی امور کی نگرانی کریں گے، جبکہ جے یو آئی سندھ کے تمام عہدیداران اور ذمہ داران ضروری مشاورت، ہدایات اور تنظیمی معاملات کے لیے مولانا محمد صالح انڈھڑ سے رابطے میں رہیں گے۔
جاری کردہ: ڈاکٹر اے جی انصاری
پریس سیکریٹری، جمعیت علماءِ اسلام سندھ