November 17, 2026

فاؤنڈیشن فار سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ اینڈ انوویشن کی جانب سے العباس میڈیکل سینٹر عمرکوٹ کے تعاون سے انسانی فلاح و بہبود اور سماجی ذمے داری کے جذبے

IMG-20260119-WA0194

فاؤنڈیشن فار سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ اینڈ انوویشن کی جانب سے العباس میڈیکل سینٹر عمرکوٹ کے تعاون سے انسانی فلاح و بہبود اور سماجی ذمے داری کے جذبے کے تحت غریب اور مستحق افراد کے لیے ایک روزہ میگا فری میڈیکل کیمپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس سے بڑی تعداد میں مریضوں نے فائدہ حاصل کیا۔

عمرکوٹ رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیوروچیف
تفصیلات کے مطابق عمرکوٹ عمرکوٹ میں فاؤنڈیشن فار سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ اینڈ انوویشن تنظیم کی جانب سے العباس میڈیکل سینٹر عمرکوٹ کے تعاون سے غریب اور مستحق مریضوں کے لیے ایک روزہ میگا فری میڈیکل کیمپ لگایا گیا۔ میڈیکل کیمپ کے دوران مختلف شعبہ جات کے ماہر ڈاکٹرز اور لیڈی ڈاکٹرز نے مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا، جن میں عام امراض، خواتین اور بچوں کی صحت کے مسائل، بلڈ پریشر، شگر، آنکھوں کے معائنے اور دیگر بنیادی طبی چیک اپ شامل تھے۔ جن مریضوں کو مفت طبی مشورے اور آگاہی بھی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر فاؤنڈیشن فار سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ اینڈ انوویشن کے صدر ڈاکٹر الہداد راٹھوڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم گزشتہ چار سال سے یہ کیمپ منعقد کر رہے ہیں، اس کیمپ کا مقصد ان ہزاروں غریب اور مستحق مریضوں کی مدد کرنا ہے جو غربت کی وجہ سے کسی اچھے اور ماہر ڈاکٹر کے مشورے سے محروم رہ جاتے ہیں، انہی لوگوں کے لیے ہم نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ ڈاکٹر یاسمین حسیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم اور العباس میڈیکل سینٹر کی مشترکہ کوششوں سے ہر سال کی طرح اس سال بھی میگا فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر میں پوری ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں، جنہوں نے اس کیمپ کے لیے دن رات ایک کر کے پسماندہ علاقوں کے لوگوں تک یہ پیغام پہنچایا اور شاندار کام کیا۔فاؤنڈیشن فار سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ اینڈ انوویشن کے سی ای او انجینئر محمد مشتاق راٹھوڑ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صحت ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور اس طرح کے میڈیکل کیمپس معاشرے کے کمزور طبقات کے لیے امید کی کرن ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں بھی تعلیم، صحت، صاف پانی، نوجوانوں کی بااختیاری اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں ایسے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر منظور کنبھر نے کہا کہ جہاں مہنگی ادویات اور علاج بہت سے لوگوں کی پہنچ سے باہر ہیں، وہاں فاؤنڈیشن فار سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ اینڈ انوویشن کی جانب سے منعقد کی گئی میگا فری میڈیکل کیمپ کئی غریب اور مستحق افراد کے لیے امید، سہارا اور شفا کا ذریعہ بنی ہے۔ میڈیکل کیمپ میں ڈاکٹر نند لال، ڈاکٹر نیل کنٹھ، ڈاکٹر حنا ناز، ڈاکٹر سلمہ حنیف آریسر، ڈاکٹر محمد احسان اور ڈاکٹر ارشاد احمد بھٹو نے مریضوں کا مفت معائنہ کیا۔ اس موقع پر علاقے کی معزز شخصیات، سماجی رہنماؤں اور عوام نے اس میگا فری میڈیکل کیمپ کو سراہا اور منتظمین کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ آخر میں تنظیم کی جانب سے میڈیکل ٹیم، رضاکاروں اور تعاون کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کیا گیا، جن کے تعاون سے یہ سماجی خدمت کا عمل ممکن ہو سکا۔